احتساب عدالت نے بگ بورڈ سکینڈل میں آکشن کمیٹی کی نیلامی منسوخ کر دی

منگل 10 دسمبر 2019 12:58

احتساب عدالت نے بگ بورڈ سکینڈل میں آکشن کمیٹی کی نیلامی منسوخ کر دی
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) بگ بورڈ سکینڈل میں نیب گلگت بلتستان نے احتساب عدالت میں اعتراضات داخل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ آکشن کمیٹی نے نیب کی منجمد کردہ زمین کی بجائے کسی اور خسرے کی زمین جس کی قیمت بھی بہت کم تھی کو نیلام کیا جس پر احتساب عدالت نے نیب کے اعتراضات کودرست تسلیم کرتے ہوئے آکشن کمیٹی پر برہمی کا اظہار کیا اور آکشن کمیٹی کی زمین کی نیلامی کی کارروائی کو کالعدم قراردے کر اسے منسوخ کر دیا۔

عدالت نے کلکٹر گلگت کو حکم دیا کہ وہ نیب کی جانب سے منجمد کردہ زمین کو 6جنوری تک نیلام کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔ واضح رہے کہ نیب حکام نے بگ بورڈ سکینڈل کے سزایافتہ ملزم کا نپورہ بسین میں موجود ذاتی مکان اور ایک کنال زمین منجمد کر دی تھی اور نیب کورٹ میں مذکورہ جائیداد کی نیلامی کے لیے درخواست دائر کی تھی، فاضل عدالت نے کلکٹر گلگت کو متعلقہ جائیداد نیلام کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیلامی کے بعد نیب حکام پر یہ انکشاف ہوا کہ اصل زمین کی بجائے کوئی اور زمین نیلام کی گئی ہے۔ بگ بورڈ سکینڈل کے سزایافتہ مجرم کی جائیداد بہت قیمتی تھی لیکن اس کی جگہ سستی زمین کو نیلام کیا گیا۔جس پر نیب نے فاضل عدالت میں اعتراضات اٹھائے ، عدالت نے اس نیلامی کو منسوخ کر دیا۔ یاد رہے کہ اس جائیداد کی نیلامی سے حاصل رقم متاثرین میں تقسیم کی جانی تھی۔

متعلقہ عنوان :