جدہ میں گودام میں آتش زدگی سے لاکھوں ریال کا نقصان ہو گیا

یہ ہولناک آگ گاڑیوں کے پارٹس اور لکڑی کے فرنیچر کے گودام میں لگی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 10 دسمبر 2019 12:39

جدہ میں گودام میں آتش زدگی سے لاکھوں ریال کا نقصان ہو گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10دسمبر 2019ء ) جدہ کے جنوبی علاقے میں گاڑیوں کے پارٹس اور لکڑی کے فرنیچر کے دو گوداموں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ یہ آگ اتنی خوفناک تھی کہ رات کے وقت دُور دُور سے شعلے دکھائی دے رہے تھے۔ شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس آتش زدگی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اب مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہاہے، تاہم ایک محتاط اندازے کے مطابق اس واقعے میں لاکھوں ریال کا نقصان ہوا۔

کرنل سرحان نے بتایا کہ اس آتش زدگی کے باعث گوداموں میں رکھاتمام سامان مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ شہری دفاع کے فائر فائٹرز نے بڑھتی ہوئی آگ پر قابو پا کر مزید گوداموں کو اس کی لپیٹ میں آنے سے روک دیا۔ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

پولیس اور تحقیقاتی ادارے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے بعد اپنی رپور ٹ پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی جدہ کے قدیم علاقے میں واقع ا’لھدل‘ مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی جس نے چند منٹوں میں ہی فرنیچر کے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینسز موقع پر روانہ کر دی گئیں۔ شدت سے بھڑکنے والی آگ کو بجھانے میں فائر فائٹرز کو کئی گھنٹے لگ گئے تھے۔ اس حوالے سے شہری دفاع کے علاقائی ترجمان کرنل سعید سرحان نے بتایا تھاکہ اس آتش زدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا، البتہ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آتش زدگی کے باعث اچھا خاصی مالی نقصان ہوا ہے جس کا تخمینہ لگانے میں کچھ وقت لگے گا۔

کرنل سرحان نے بتایا کہ یہ آگ اسفنج کے گودام سے شروع ہوئی جہاں پر فرنیچر سازی میں استعمال ہونے والی لکڑیاں اور دیگر ساز و سامان موجود تھا، جس کی وجہ سے آگ زیادہ تیزی سے پھیلی۔ آگ بجھانے کی اس کارروائی میں بھاری مشینری کی مدد لی گئی۔ کرنل سرحان نے بتایا کہ آتش زدگی کے وقت خوش قسمتی سے گودام بند ہونے کے باعث اس میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، ورنہ کوئی جانی نقصان ہو سکتا تھا۔

متعلقہ عنوان :