کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے عالمی تنظیموں سے فوری اقدامات کے مطالبے کی قرارداد جمع

منگل 10 دسمبر 2019 13:10

کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے عالمی تنظیموں سے فوری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنے کیلئے تمام بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں سے فوری اقدامات کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی گئی ۔رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کو منانے کا مقصد بلاتخصیص مذہب، رنگ، نسل و جنس دنیا بھر میں انسانی حقوق کی قدر اور امن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

دنیا میں بسنے والا ہر شہری بنیادی انسانی حقوق حاصل کرنے کا حقدار ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور حکومت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی ، زبان بندی ، جسمانی و ذہنی اذیت دی جارہی ہے۔مسلسل 128دن کرفیو نافذ کر کے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے کی انتہا کر دی گئی ہے۔وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے عالمی دن کے موقع کی مناسبت سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کو ختم کروایا جائے،کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنے کے لئے تمام بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں سے فوری اقدامات کرنے کے لئے متحرک کیا جائے۔