انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کریں، علی امین خان گنڈا پور

منگل 10 دسمبر 2019 13:22

انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کریں، انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے اپنی رپورٹس میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے، بھارت پرعالمی دباؤ میں اضافہ اور بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں، بھارت میں نام نہاد سیکولرازم بھی دفن ہو چکا ہے۔

منگل کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے اپنی رپورٹس میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت پرعالمی دباؤ میں اضافہ اور بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں، ہندو انتہاپسند بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ایک بڑ ا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کے تمام ادارے ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس کے ایجنٹس بن چکے ہیں۔ بھارت کی تمام اقلیتں ہندو انتہا پسندوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دی گئی ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت میں نام نہاد سیکولرازم بھی دفن ہو چکا ہے۔ ہندو انتہا پسند بھارت اقلیتوں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو گا۔

عالمی برادری کو خطے میں اس خطر ناک صور ت حال کا بروقت نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کے قتل عام کے حوالے سے ایک المناک مثال بن چکا ہے۔ عالمی برادری کو انسانیت کے لیے اپنے معاشی و سیاسی مفادات ترک کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری آج کے دن یہ عزم کرے کہ انسانی حقوق کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرے گی۔