پاک چین آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں برآمدات میں اضافہ ہوگا، پاکستان انٹرپرنیورزفورم

منگل 10 دسمبر 2019 13:38

پاک چین آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں برآمدات میں اضافہ ہوگا، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) پاکستان انٹرپرنیورزفورم کے سیکرٹری اطلاعات و آل پاکستان پیپر مرچنٹ انصاف گروپ پینل کے سیکرٹری جنرل زاہد بخاری نے کہا ہے کہ پاک چین آزاد تجارت کے معاہدی(سی پی ایف ٹی ای) کا دوسرا مرحلہ یکم جنوری سے موثر عمل ہونا اور پاکستانی 313 مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی خوش آئند ہے،اس سے پاکستانی کارخانہ داروں اور تاجروں کو چین کی منڈیوں میں صفر ڈیوٹی کی شرح پر313 نئی مصنوعات کی برآمد کا موقع ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے تاجروں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس معاہدے پر عملدرآمد کے آغاز کیلئے تمام قانونی تقاضوں اور شرائط کو مکمل کرلیا ہے اور وزیراعظم کے دورہ چین پر اس معاہدے پر عملدرآمد کیلئے پروٹوکول پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت 313 نئی اشیاء کی درآمد پر رعایت حاصل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

زاہد بخار ی نے کہاکہ جن پاکستانی مصنوعات کوچینی منڈیوں میں ڈیوٹی فری رسائی دی گئی ہے ان میں چین کی عالمی درآمدات 64 ارب ڈالر ہیں ۔

قبل ازیں پاکستان چین کے ساتھ 2006ء میں ہونے والے آزاد تجارت کے معاہدے کے تحت742 مصنوعات کی برآمد پر صفر ڈیوٹی کی رعایت سے مستفید ہورہا ہے ،نئے معاہدہ کے تحت دونوں ممالک کے درمیان اگر کوئی صنعتی شعبہ صفر ڈیوٹی شرح سے متاثر ہورہا ہوگا تو دونوں ممالک اس پر صفر ڈیوٹی ختم کرسکیں گے۔اس صفر ڈیوٹی تجارتی معاہدے سے ملکی صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اورچین کی منڈیوں میں ملکی مصنوعات کی برآمدات میںاضافے سے حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔