سعودی عرب میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات سے قبل ہی فضائی ٹکٹوں کے کرائے میں اضافہ ہو گیا

مقامی و غیر مُلکی افراد نئے سال اور بچوں کی تعطیلات کے باعث امریکا یورپ اور دیگر ممالک کے لیے دھڑادھڑ بکنگ کروا رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 10 دسمبر 2019 14:21

سعودی عرب میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات سے قبل ہی فضائی ٹکٹوں کے کرائے ..
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10دسمبر 2019ء ) سعودی عرب میں یکم جنوری 2020ء سے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا آغاز ہو رہا ہے۔ جبکہ نئے شمسی سال کی بھی آمد آمد ہے۔ ان دِنوں لاکھوں افراد سیر و تفریح کی غرض سے مملکت کے اندر اور باہر ہوائی سفر کریں گے۔ اگرچہ ابھی تعطیلات میں تین ہفتے سے زائد کا وقت پڑا ہے تاہم ایئر لائنز نے ابھی سے ٹکٹوں کی قیمت میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔

سبق ویب سائٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایئر لائنز نے داخلی اور بیرون ملک پروازوں پر ممکنہ رش کے باعث کرایوں میں تھوڑا بہت نہیں، بلکہ 50 فیصد تک کا ہوش رُبا اضافہ کر دیا ہے۔ اس فیصلے سے پاکستانی افراد بھی خاص طور پر متاثر ہوں گے۔ جنہیں اپنے آبائی ملک جانے کے لیے مہنگے داموں ٹکٹس خریدنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

سبق کے مطابق تعلیمی اداروں کی تعطیلات اور نئے سال کی آمد کا جشن منانے کے باعث لاکھوں افراد بیرونِ ملک کا رُخ کریں گے جبکہ اندرونِ مُلک کے تفریحی مقامات بھی اندرونی سیاحوں سے بھر جائیں گے۔

اس کے علاوہ مقامی آبادی اور تارکین وطن بھی تعطیلات میں مذہبی مقامات کی زیارت اور عمرہ کی خاطر بڑی گنتی میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچتے ہیں اکثر افراد نے اگلے چند ہفتوں میں اندرون و بیرون مُلک روانگی کی خاطر ابھی سے امریکا، یورپ اور عرب ممالک کی سیاحت کے لیے فضائی ٹکٹوں کی بُکنگ کرانی شروع کر دی ہے۔ جبکہ بعض ایئر لائنز کا تو یہ حال ہے کہ انہوں نے جنوری کے لیے ٹکٹ ریزوریشن سے یہ کہہ کر معذرت کر لی ہے کہ پہلے ہی تمام سیٹیں بُک ہو چکی ہیں۔

اس موقع پر سیاحتی کمپنیوں کے بھی وارے نیارے ہو چکے ہیں۔ لاکھوں افراد بیرون مُلک سیاحتی دوروں کے لیے ان کمپنیوں سے ایڈوانس رقوم تھما رہے ہیں۔ ایک ٹریولنگ ایجنسی کے مطابق اس بار دُبئی، شرم الشیخ، بحرین کے علاوہ آذر بائیجان کے لیے بھی ہزاروں افراد نے بُکنگ کرا لی ہے۔اس بار وہی فائدے میں رہیں گے جنہوں نے ایڈوانس بُکنگ کرا رکھی ہو گی، کیونکہ تعطیلات سے چند روز یا اس دوران بُکنگ کرانے والوں کو ٹکٹس زیادہ مہنگے داموں پر دستیاب ہوں گے۔