بحرہند میں بڑا زلزلہ آیا تو سونامی کی لہریں ایک گھنٹے میں کراچی کو لے ڈوبیں گی

قدرتی آفات میں دفاع کا کام کرنے والے مینگرو کے درختوں کی تعداد 4لاکھ ہیکٹر سے گھٹ کر ستر ہزار ہیکٹر ہو گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 10 دسمبر 2019 14:47

بحرہند میں بڑا زلزلہ آیا تو سونامی کی لہریں ایک گھنٹے میں کراچی کو لے ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔10دسمبر 2019ء ) بحر ہند میں بڑا زلزلہ آنے کی صورت میں سونامی کی لہریں ایک گھنٹے میں کراچی کو لے ڈوبیں گی،تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں نے زمین اوراس پر سانس لیتی ہر نوع کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔بدقسمتی سے پاکستان کا شمار بھی ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں پر آلودگی بڑھ رہی ہے جو ماحول کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق 2018ء کے گلوبل کلائمٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کو اُن ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا جو موسمی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔2018ء کے ایک جائزے کے مطابق پاکستان میں دو دہائیوں کے دوران موسم تبدیلیوں کی وجہ سیلاب،طوفان اور دیگر قدرتی آفات کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے اگر بات کریں کراچی کی تو 1945ء میں کراچی نے سونامی کا سامنا کیا تھا۔

(جاری ہے)

عالمی اداروں کے ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کبھی بحر ہند میں بڑا زلزلہ آیا تو سونامی کی لہریں صرف ایک گھنٹے میں کراچی کے ساحل تک پہنچ سکتی ہیں جو پورے شہر کو لے ڈوبیں گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں کبھی 4لاکھ ہیکٹر زمین پر مینگرو کے جنگلات تھے جو گھٹ کر ستر ہزار ہیکٹر تک محدود ہو چکے ہیں۔مینگرو کے درخت سونامی جیسی قدرتی آفات میں دفاع کا کام کرتے ہیں۔

عالمی حدت اور موسمی تغیرات کی وجہ سے پاکستان میں زراعت بھی متاثر ہے۔مختلف فصلوں کی پیداوار پر منفی اثرات کے باعث خدشہ ہے کہ آئندہ برسوں میں پاکستان کو غذائی قلت کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔واضح رہے کہ جغرفیائی لحاظ سے پاکستان جس خطے میں واقع ہے،اس میں ماہرین کی یشگوئیوں کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کی رفتار سب سے زیادہ رہے گی۔