شارجہ میں 2 سالہ بچی آٹھ منزلہ اپارٹمنٹ سے گر کر جاں بحق

یہ واقعہ المجاز 2 کے علاقے میں شامی والدین کی غفلت کے باعث پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 10 دسمبر 2019 15:11

شارجہ میں 2 سالہ بچی آٹھ منزلہ اپارٹمنٹ سے گر کر جاں بحق
شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10دسمبر 2019ء) شارجہ میں والدین کی غفلت دو سالہ ننھی مُنی بچی کی جان لے گئی۔ تفصیلات کے مطابق 2 سالہ شامی بچی اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے نیچے جا گِری جس کے باعث اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ یہ واقعہ شارجہ کے المجاز 2 میں واقع ایک رہائشی بلڈنگ میں پیش آیا جب مملکت میں روزگار کی غرض سے امارات میں مقیم شامی جوڑے کی دو سالہ بچی آٹھویں منزل پر واقع اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے نیچے جا گِری جس کے نتیجے میں بدنصیب بچی کی ہڈیاں بُری طرح چٹخ گئیں اور وہ چند لمحوں میں اللہ کو پیاری ہو گئی۔

پولیس کو اس واقعے کی اطلاع دوپہر اڑھائی بجے مِلی جس کے بعد طبی امداد کا عملہ فوری طور روانہ کر دیا گیا۔ تاہم یہ بدنصیب گراؤنڈ فلور پر خون میں لت پت بے حِس حرکت پڑی تھی۔

(جاری ہے)

البحیرہ پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کی اطلاع ملنے کے تین منٹ کے اندر عملہ موقع پر پہنچ گیا تھا اور بچی کو فوری طور پر قاسمی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں عملے نے بچی کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم بچی کی شدید چوٹوں کے باعث موت واقع ہو گئی۔

بچی کی میت کو پوسٹ مارٹم کی خاطر فارنزک لیبارٹری منتقل کیا گیا۔ پولیس نے والدین سے اس ہولناک حادثے کے حوالے سے تفتیش کی تو بچی کی والدہ نے بتایا کہ وہ کچن میں کام کر رہی تھی جب بچی اچانک کمرے کی کھُلی کھڑکی سے باہر کو جھانکنے لگی۔ اسی دوران اُس کا توازن بگڑ گیا اور وہ نیچے کو جا گِری۔ پولیس نے والدین کو تفتیش کی خاطر حراست میں لے لیا ہے۔

اگر تفتیش میں والد یا والدہ کی جانب سے غفلت کا انکشاف ہو گیا تو ایسی صورت میں انہیں جیل کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل شارجہ میں اپنے والدین کے ساتھ مقیم کم سن لڑکی نے اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگا کر خود کُشی کر لی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کے والدین کا تعلق بھارت سے ہے جو روزگار کی غرض سے متحدہ عرب امارات میں مقیم تھے۔

اس واقعے کی اطلاع صبح 11 بجے مِلی۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو بچی بے حِس و حرکت بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور پر پڑی تھی اور اس کے جسم کے مختلف حصوں سے خون بہہ رہا تھا۔ بظاہر یہی لگتا ہے کہ پندرہ سالہ لڑکی نے خود کُشی کی ہے۔ بچی کو فوری طور پر کویتی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی کئی گھنٹوں پہلے ہی موت واقع ہو چکی ہے ۔ جس کے بعد لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کی خاطر فارنزک لیبارٹری منتقل کر دیا گیا، جہاں یہ انکشاف سامنے آیا کہ اُس نے رات 10 بجے خود کُشی کی تھی۔ الغریب پولیس اسٹیش نے تفتیش کی غرض سے بچی کے والدین کو حراست میں لے لیا ہے۔ بدنصیب بچی اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھ جو انڈین کری کلم اسکول میں دسویں گریڈ کی طالبہ تھی۔