Live Updates

ن لیگ کا اورنج لائن ٹرین کے افتتاح پر ردِعمل آ گیا

عمران خان قوم کو بتائیں کہ اورنج لائن کس نے بنائی اور یہ کس کا وژن ہے؟ شہباز شریف کے منصوبے پر موجودہ حکومت حکمران ڈھٹائی سے اپنے نام کی تختی لگا رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 10 دسمبر 2019 15:29

ن لیگ کا اورنج لائن ٹرین کے افتتاح پر ردِعمل آ گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔10دسمبر 2019ء ) وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے لاہور اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کر دیا ہے۔مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں شروع کیے جانے والا میگا پراجیکٹ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں مکمل ہوا۔آج پی ٹی آئی کے وزراء کے ہاتھوں اس منصوبے کا افتتاح کیا گیا اور اورنج لائن ٹرین کے آزمائشی سفر کا آغاز کیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کا بھی اورنج لائن ٹرین کے افتتاح پر ردِعمل آ گیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے منصوبے پر موجودہ حکومت حکمران ڈھٹائی سے اپنے نام کی تختی لگا رہے ہیں۔ان کو شہباز شریف کی اورنج لائن سے شرمندگی ہے افتتاح بھی نہیں کر رہے۔نااہلوں نے پانچ سالوں میں پشاور میٹرو کے ایک ارب کے کھڈے کھودے۔

(جاری ہے)

عمران خان قوم کو بتائیں کہ اورنج لائن کس نے بنائی اور یہ کس کا وژن ہے؟۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 10سال جس میٹرو اور ٹرین پر آپ سیاست کرتے رہے ،آج اس کے فیتے کٹوا رہے ہیں۔عمران صاحب ! 16 مئی 2018ء کو شہباز شریف اورنج لائن آزمائشی طور پر چلا چکے ہیں۔عمران صاحب آپ اور آپ کی حکومت اتنی نالائق ہے کہ 15 ماہ میں اسے نہ چلا سکے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان پر شہباز شریف کا خوف طاری ہے۔ان کے ترقیاتی منصوبے دیکھ کر حسد میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور کے میگا پراجیکٹ اورنج لائن ٹرین کو آج آزمائشی طور پر چلایا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی منظوری کے بعد ٹرین کی آزمائشی رنگ کی تمام تیاریاں مکمل کی گئیں۔ڈیرگوجراں سے روانہ ہونے والی اورنج لائن ٹرین جب اپنے آخری اسٹیشن علی ٹائون ٹھوکر نیاز بیگ پہنچے گی تو وہاں سرکاری سطح پر ٹرین کی افتتاحی تقریب منقعد کی جائے گی جبکہ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن نے اورنج لائن ٹرین کی آزمائشی رنگ سے ایک روز قبل ہی جی پی او چوک پر ٹرین کی افتتاحی تقریب منعقد کی جس میں لاہور سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمائوں ارکین قومی و صوبائی اسمبلی ٹکٹ ہولڈرو اور ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر سابق لارڈ میئر بلدیہ عظمی لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کا کہنا تھا کے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دورہ حکومت میں اورنج لائن ٹریفک منصوبہ تیزی سے اختتام کی طرف بڑھ رہا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اس منصوبے میں سستی کا مظاہرہ کیا جس سے منصوبے کی مالیت کئی گناہ بڑھ گئی اور منصوبے کو 2 سال کے لئے التوا کا شکار رکھا گیا انہوں نے کہا کے منصوبے کا آج بھی کام ادھورا ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات