Live Updates

چودھری نثار لوگوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے

سابق وزیرداخلہ مقررہ وقت پر واپس آئیں گے،پریس کانفرنس میں اہم باتیں کریں گے،ڈاکٹر شاہد مسعود

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی منگل 10 دسمبر 2019 16:55

چودھری نثار  لوگوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ، 10دسمبر 2019ء ) : سینئر تجزیہ کار و صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیرداخلہ چودھری نثار مقرر ہ وقت پر واپس آئیں گے۔ نجی ٹی وی چینل کو دیئے انٹر ویو میں شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار اکیلے نہیں بلکہ بڑی تعداد میں لوگوں کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے اور پریس کانفرنس میں بہت اہم باتیں بتائیں گے۔

شاہد مسعود نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبا زشریف لندن میں موجود اپنے معاملات طے کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے لندن میں اپنی چھوٹی سی کابینہ بنائی ہے جس میں مریم اوورنگزیب کو وزیر اطلاعات مقررکردیا گیا ہے ۔ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اپوزیشن کی دوسری جماعتوں سے بھی رابطے میں ہے اور خدشہ ظاہر کیا کہ اہم ترین قانون سازی کے موقع پر حکومت مشکلا ت کا شکار ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کی پوری کوشش ہو گی کہ حکومت کیلئے مشکلات پیدا کی جائیں ۔ سینئر تجزیہ کار شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بلکل بھی خوش نہیں ہے ، وزیراعظم نے دو منصوبوں کا افتتاح کیا تاہم ان کا ذہن منصوبوں سے ہٹ مسلم لیگ ن کی جانب رہا۔یاد رہے رہنما مسلم لیگ ن و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے علا ج کیلئے مقیم ہیں۔

  واضح رہے کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد جادو ٹونے کی گرفت میں ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صحافی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسلام آباد کی فضاؤں میں بہت سی چیزیں چلتی ہیں انکی بات نہ کی جائے، اسلام آباد جادو ٹونے کی گرفت میں ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شہباز شریف کا یہ ویڈیو بیان شئیر کیا تھا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات