مالی سال کے چار ماہ میں عوام کی طرف سے ڈیفنس سیونگ سرٹفیکیٹس کی خریداری میں ریکارڈ اضافہ

جولائی سے اکتوبر کے اختتام تک مجموعی طور پر ڈیفنس سیونگ سرٹفیکیٹس میں 86 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی

منگل 10 دسمبر 2019 17:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) رواں مالی سال چار ماہ میں عوام کی طرف سے ڈیفنس سیونگ سرٹفیکیٹس کی خریداری میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے اختتام تک مجموعی طور پر ڈیفنس سیونگ سرٹفیکیٹس میں 86 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی، گزشتہ سولہ سال کے دوران کسی ایک پورے سال کے دوران بھی ڈیفنس سیونگ سرٹفیکیٹس میں اتنی زیادہ سرمایہ کاری نہیں دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق چار ماہ کے دوران ریگولر انکم اسکیم میں مجموعی طور پر 62 ارب 8 کروڑ روپے جمع کرائے گئے، ان کے برعکس سپیشل سیونگ سرٹفیکیٹ اسکیم سے اس دوران 8 ارب 9 کروڑ روپے نکلوائے گئے جبکہ 40 ہزار کا ریگولر بانڈ ختم ہونے کے باعث انعامی بانڈز میں سرمایہ کاری کے حجم میں 157 ارب 47 کروڑ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران قومی بچت کی اسکیموں میں مجموعی طور پر سرمایہ کاری کا حجم 80 ارب 97 کروڑ روپے رہا، جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 19 فیصد اور مالی سال 2018 سے 51 فیصد زیادہ ہے۔رواں مالی سال اب تک بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طور پر پہلے کے مقابلے میں 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔