وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا مختلف نیٹ کمپنیز کی جانب سے کی جانے والی جعلسازیوں پر نوٹس

منگل 10 دسمبر 2019 18:21

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا مختلف نیٹ کمپنیز کی جانب سے کی جانے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے مختلف نیٹ کمپنیوں کی جانب سے کی جانے والی جعلسازیوں کا نوٹس لے لیا، بلدیاتی اداروں سے ریکارڈ طلب کرکے ملوث افسران کا تعین کیا جائے۔ منگل کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے مختلف نیٹ کمپنیاں اور خاص طور پر سائبر نیٹ نامی کمپنی نے شہر کے 4 اضلاع میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ ملکرگزشتہ دس سال کے دوران کھربوں روپے مالیت سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کی جعلسازی کے ذریعے کھدائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی جس کی نشاندہی پر صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

کراچی کیبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبائی وزیر کو مطلع کیاگیا تھا کہ چند کمپنیاں کراچی کے 4 اضلاع میں زیر زمین کیبل بچھانے کی منصوبہ بندی کرچکی ہیں جس کے ذریعے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کیلئے ضلعی سطح پر افسران کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں جس کے تحت لاکھوں مربع گز کھدائی کرکے سرکاری دستاویزات میں چند مربع گز ظاہر کرکے حکومت کو اربوں روپے نقصان پہنچایا جائے گا جبکہ اس منصوبہ بندی پر ضلع وسطی میں کام شروع کیا جاچکا ہے اور ضلع جنوبی کی مہنگی ترین سڑکوں کی کھدائی کیلئے تیاری مکمل کی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

ان عناصر کی جانب سے چند روز قبل کمشنر کراچی سے ملاقات کے دوران اثر و رسوخ کے استعمال کے بعد بغیر رقم جمع کرائے ضلع جنوبی کی سڑکوں کی کھدائی کی اجازت حاصل کر رکھی ہے جس میں شہر کی مہنگی ترین اور مصروف شاہراہیں شامل ہیں اور ان کی کھدائی کیلئے یہ کمپنیاں بلدیاتی اداروں کو کوئی پیسہ دینے کی مجاز نہیں ہوگی۔ سابق بلدیاتی دور میں آئی آئی چندریگر روڈ کو اربوں مالیت سے تعمیر کیا گیا تھا جسے یہ نام نہاد کمپنیوں نے اپنے ذاتی مفاد کے لئے نقصان پہنچانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فوری حکم جاری کیا کہ کسی کو شہر کی خوبصورتی خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ وزیربلدیات نے ملوث بلدیاتی نمائندوں اور افسران کے تعین کا حکم دیتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کا موجودہ ڈھانچہ پیپلزپارٹی کی 10سالہ کارکردگی کا حصہ ہے، کھربوں روپے مالیت سے تیار سڑکیں کسی کی جاگیر نہیں ہے کہ کسی کو جعلسازی کے ذریعے شہر کی خوبصورتی خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

اگر کسی کمپنی یا ادارے نے عہدے کا ناجائز استعمال کیا یا اثر و رسوخ استعمال کیا تو ان کے خلاف بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرینگے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، یہ شہر جتنا میرا ہے اتنا ہی یہاں بسنے والوںکا بھی ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے تمام بلدیاتی اداروں اور محکمہ بی اینڈ آر کے افسران سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں کی کھدائی کے چالان کے عمل کو منصفانہ اور شفاف رکھا جائے اگر کوئی اس شہر کی خوبصورتی خراب کرنے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔