مسلم مخالف بل پر امریکی کمیشن کی بھارتی قیادت پر پابندیاں عائد کرنے کی سفارش

منگل 10 دسمبر 2019 18:29

مسلم مخالف بل پر امریکی کمیشن کی بھارتی قیادت پر پابندیاں عائد کرنے ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) امریکا کے کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی نے ترمیمی بل میں مسلمانوں کو شہریت سے محروم رکھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی قیادت پر پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کر دی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی (UNCIRF) نے بھارت میں شہریت کا ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بل پیش کرنے والے وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت دیگر اعلیٰ قیادت پر پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بل میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا گیا ہے، یہ بل مذہبی منافرت پر مشتمل ہے جس پر وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت دیگر قیادت پر پابندی عائد ہونی چاہئیں۔دوسری جانب بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ بل شہریت سے متعلق ہے اور ہمارا اندرونی معاملہ ہے۔ بھارت میں ہندوئوں کے علاوہ پہلے ہی درجنوں مذہبی اقلیتیں موجود ہیں اور انہیں تمام حقوق بھی حاصل ہیں۔