پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے، صدر مملکت

جدید دور سے ہمیں ہم آہنگ ہونے کیلئے درست سمت کا تعین کرنا ضروری ہے، ہمیں اپنے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز سے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا امسیٹس کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب

منگل 10 دسمبر 2019 19:09

پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے، صدر مملکت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے، جدید دور سے ہمیں ہم آہنگ ہونے کیلئے درست سمت کا تعین کرنا ضروری ہے، ہمیں اپنے دستیاب وسائل کو موثر انداز سے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کامسیٹس کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب کے حالیہ دور میں سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، زندگی کے تمام شعبوں میں مسلسل تبدیلیوں کے تناظر میں ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اس کی اہمیت ناگزیر ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تیزی سے پیشرفت کے باعث سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق نظم و نسق کے فریم ورک اور قومی پالیسیوں میں انقلابی تبدیلی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی قومی وڑن اور سمت کے تعین اور سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی، علاقائی اور قومی ترقی کے تناظر میں عالمی اور علاقائی تعاون کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے بین الاقوامی ایجنڈے پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے کثیر جہتی تعاون وقت کی ضرورت ہے، سائنسی اور ٹیکنالوجی انوویشنز کو ماحولیاتی تبدیلی، عدم تحفظ خوراک، صحت کے اشاریوں میں کمی اور انسانی ترقی کے اشاریوں جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حل فراہم کرنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، ان خطرات کے تناظر میں اجتماعی کوششوں کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے، کامسیٹس کا مقصد پاکستان سمیت رکن ممالک میں عوام کی سماجی و معاشی ترقی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے، کامسیٹس کی معاشرے اور علم پر مبنی معیشت کیلئے صلاحیتوں میں اضافہ میں اہم کردار ادا کرنے کے حوالہ سے کوششیں قابل تعریف ہیں، ہمیں اپنے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز سے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو اس قابل بنانا ہو گا کہ پی ایچ ڈی سکالرز خود پیدا کر سکیں، جدید دور سے ہمیں ہم آہنگ ہونے کیلئے درست سمت کا تعین کرنا ضروری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وسائل کے بے دریغ استعمال سے ہمارا ماحول متاثر ہو رہا ہے، تیسری دنیا کو پانی کی کمی اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی قومی ترقی کر سکتی ہیں جو مستقبل پر نظر رکھتی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس احسن جنید زیدی نے بھی خطاب کیا۔