ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن کا ایل پی جی کے غیر معیاری سلنڈرز بنانے اور فروخت کرنیوالوں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ

انسانی جان سے قیمتی کوئی چیز نہیں، ایسے عناصر کے خلاف آپریشن کلین اپ شروع کیا جائے، چیئر مین ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا بیان

منگل 10 دسمبر 2019 19:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے ایل پی جی کے غیر معیاری سلنڈرز بنانے اور فروخت کرنیوالوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جان سے قیمتی کوئی چیز نہیں، ایسے عناصر کے خلاف آپریشن کلین اپ شروع کیا جائے۔

(جاری ہے)

منگل کو ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے اپنے بیان میں کہاکہ بعض لوگ غیر معیاری سلنڈر بنانے والوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں، گوجرانوالہ میں غیرمعیاری سلنڈر تیار کرنیوالے چارسو سے زائد کارخانے چل رہے ہیں مگر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، ایک بیان میں ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ ملک میں غیر معیاری سلنڈروں کی وجہ سے حادثات ہو رہے ہیں جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں مگرغیر معیاری سلنڈر بنانے والوں کے خلاف کاروائی نہیں کی جا رہی، غیر معیاری سلنڈر بنانے کا کا م فوری روکا جائے اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ ہم ایل پی جی کے سلنڈروں کے حفاظتی معیارات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں پولیس ایل پی جی کاروبار سے وابستہ لوگوں کو بھی تنگ کر رہی ہے ملک بھر میں غیر معیاری گیس سلنڈر کی فروخت پولیس سرہرستی میں جاری ہے جس سے روزانہ حادثات ہو رہے ہیں اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، ہم سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اب ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کسی کو بھتہ نہیں دیں گے، باعزت کاروبار کے لئے حکومت جو فیصلہ کرے گی ایسوسی ایشن اس پر مکمل عمل درآمد کرے گی ۔