فواد عالم کو سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں موقع نہ ملنے کا امکان

کل راولپنڈی میں شیڈول تاریخی ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم میں امام الحق اور حارث سہیل شامل کیے جائیں گے

muhammad ali محمد علی منگل 10 دسمبر 2019 19:33

فواد عالم کو سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں موقع نہ ملنے کا امکان
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 دسمبر2019ء) فواد عالم کو سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں موقع نہ ملنے کا امکان، کل راولپنڈی میں شیڈول تاریخی ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم میں امام الحق اور حارث سہیل شامل کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف تاریخی راولپنڈی ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم کے 11 کھلاڑی منتخب کر لیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 10 سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کرنے والے فواد عالم کو موقع دیے جانے کا امکان نہیں ہے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مڈل آرڈر میں حارث سہیل کو ہی دوبارہ موقع دیا جائے گا۔ جبکہ اوپننگ کیلئے امام الحق کا ہی انتخاب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب منگل کو پنڈی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ ہمارے ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے، ہمیں ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا موقع ملا، بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا سکور کروں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میچ کھیلنا خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ دس سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی پاکستان میں واپسی ہوئی ہے، خواہش تھی ہمارے گراؤنڈز کی رونقیں بحال ہوں، تمام پلیئرز بہت خوش ہیں اور پوری کوشش کرینگے ہماری فتح ہو۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں ہم اچھی طرح سے پرفارم نہیں کر سکے، ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہے ہیں پوری کوشش کرینگے جو کمی ہے اسے پور کریں، ہمارے سکواڈ میں ٹیلنٹ موجود ہے، کپتان کا کھیل میں بھی اپنا رول ہوتا ہے، پورا احساس ہے اور کوشش کر رہا ہوں کہ اپنی فارم بحال کروں۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ میں خود بھی بڑا سکور کروں، اگر کپتان اچھا پرفارم کریگا تو دیگر کھلاڑیوں کو بھی حوصلہ ہوتا ہے اور پریشر کو ہینڈل کرنے کی کوشش کرنی ہوگی، پاکستانی ٹیم میں دس سال ہو گئے ہیں، گزشتہ چار سے پانچ سال سے پوری کوشش کرتا ہوں ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کرئوں، مصباح الحق ہمیشہ میرے ساتھ رہے، سلیکشن کمیٹی اور کپتان ساتھ ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو آسان نہیں لیا جا سکتا، باؤلنگ اور بیٹنگ اچھی ہے، انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو ہرانے کیلئے ڈسپلن کے ساتھ سے کھیلنا ہوگا۔ موسم کی صورتحال دیکھ کر 11 رکنی ٹیم فائنل ہوگی۔ اظہر علی نے کہا کہ آسٹریلیا میں 20 وکٹیں لینا مشکل ہوا ہے، کوشش کریں گے جیت کر عوام، انتظامیہ اور ٹیم کا اعتماد بحال کریں۔ اظہرعلی نے کہاکہ سری لنکن ٹیم جو چیلنج دے گی اس کو بیٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دو سریز ہارنے کے بعد فوری تبدیلی کی بات کرتے ہیں، نئی لاٹ کو وقت لگے گا کم بیک کرنے میں، عالمی کرکٹ کو واپس لانے کیلئے بہت سے لوگوں کی محنت شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری ٹیم متحد ہے، ہم سب فیملی کی طرح ہیں، سری لنکن ٹیم کے کپتان دیمتھ کرونا رتنے نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دس سال کے بعد یہاں آئے ہیں اچھا موقع ہے۔

پاکستان کے ساتھ سری لنکا اور دبئی میں بھی میچ کھیلا، انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم شمار بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے آسان نہیں لیں گے، مکی آرتھر پہلے پاکستان کے کوچ تھے اب ہمارے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ ٹریننگ کر کے پاکستان کی ٹیم کو جاننے کا موقع ملا ہے، انہوں نے کہا کہ کوشش کرینگے کہ اچھا پرفارم کریں، بہتر موقع پر بہتر فیصلہ کرینگے یہی حکمت عملی ہے، مکی آرتھر کی وجہ سے ہمیں اچھا ایڈوانٹیج ملا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اچھا میچ ہو گا اور کوشش کریں گے اچھا پرفارم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان ٹیم کو اچھے سے جانتے ہیں یہ سری لنکن ٹیم کے لئے ایک مثبت پہلو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا پاکستان میں کھیلنے کا پہلا تجربہ ہے، بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں ۔