آئی جی سندھ سے کرائم رپورٹرزایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

منگل 10 دسمبر 2019 23:18

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام سے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران، نمائندگان سمیت گورننگ باڈی میں شامل صحافی حضرات کے وفد نے خصوصی ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی حالیہ عام انتخابات میں منتخب ہونیوالے سینئر صحافی و صدر کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن سمیرقریشی کررہے تھے جبکہ دیگر شرکاء میں نائب صدر زیشان شاہ، سیکریٹری طحٰہ عبیدی، جوائنٹ سیکریٹری ریحان چشتی، کاشف ہاشمی، سیکریٹری اطلاعات سہیل شبیر، ٹریژرر رجب علی کے علاوہ سی آر اے کی گورننگ باڈی کا حصہ بننے والے کاشف مشتاق، عامرمجید، خرم گلزار، سالک شاہ، سلمان لودھی اور ندیم احمد بھی موقع پرموجود تھے۔

آئی جی سندھ نے کرائم رپورٹرزایسوسی ایشن کے عام انتخابات میں صدر، جوائنٹ سیکریٹری اور سیکریٹری اطلاعات کومنتخب ہونے پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، مبارکباد دی اور شعبہ صحافت کے لئے ان کی جملہ کاوشوں اور جدوجہدکوسراہا اور تعریف کی۔

(جاری ہے)

وفد کی جانب سے صحافتی امور میں مختلف مشکلات اور باالخصوص جعلی صحافیوں اور سوسائیٹیز کے باعث شعبہ صحافت کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصانات کا احاطہ کرنے پر آئی جی سندھ نے کہا کہ شعبہ صحافت کو بدنام کرنیوالے جعلی صحافیوں اورمختلف جعلی سوسائٹیز کی آپ نشاندہی کریں تاکہ ایسے عناصر کیخلاف مؤثر قانونی کاروائی کو آپکی معاونت اور نشاندہی سے یقینی بنایا جاسکے۔

وفد کے استفسار پر آئی جی سندھ نے کہا کہ رجسٹرڈ صحافیوں کیخلاف ممکنہ قانونی اقدامات پرسی آر اے کی مشاورت شامل کی جائیگی اور اس ضمن میں انسداد دہشت گردی کے تحت بھی ممکنہ پولیس کاروائی کے حوالے سے سی آر اے سے روابط، مشاورت اور تعاون پرخصوصی فوکس ہوگا۔ آئی جی سندھ نے وفد سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، کھیل کے میدان یا دیگرشعبہ ہائے زندگی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہر کرنے یا امتیازی پوزیشن حاصل کرنیوالے صحافیوں کے بچوں کو سندھ پولیس کیجانب سے باقاعدہ اعزاز، تعریفی اسناد اور انعامات دیئے جائیں گے۔

انہوں نے وفد میں شامل صحافیوں کو فارنزک لیب کا باقاعدہ وزٹ کرانیکے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ مسائل و مشکلات کے حل، درپیش چیلنجز سے نمٹنے سمیت جرائم کی نوعیت، وجوہات، علاقوں اورملوث عناصر وگروہوں کی بیخ کنی کے لئے پولیس کے ہاتھ مضبوط کریں اورجرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے پولیس کے ساتھ ملکر اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کو یقینی بنائیں۔