صوبائی فنڈز کی واپسی حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، سردار حسین بابک

حکومت ضرورت مند علاقوں میں نئے فیڈرزاور گریڈسٹیشن کے قیام کیلئے کوشش کریں،صوبائی جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی

منگل 10 دسمبر 2019 23:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا مرکزی حکومت کو ترقیاتی فنڈز کی واپسی ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز خرچ نہ کرکے صوبے کے عوام کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ صوبائی محکموں کو اپنا استعدادکار بڑھانا ہوگا۔

ایک طرف صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر فنڈز نہ ہونے کیوجہ سے نامکمل پڑے ہیں اور دوسری طرف حکومت فنڈز واپس کررہی ہے۔ حکومت کو بجلی خالص منافع کے حصول کیلئے سنجیدہ ہونا چاہیئے ورنہ صوبے کے عوام معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیل و گیس اور بجلی پیداوار کو اپنے صوبے کے کونے کونے میں پہنچانے کیلئے حقیقی نمائندگی کرنی چاہئے حکومت صوبے کے دور دراز اور ضرورت مند علاقوں میں نئے فیڈرز اور گریڈسٹیشن کے قیام کیلئے کوشش کریں۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت ضرورت اور پسماندگی کی بنیاد پر صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے آمدن کے ذرائع میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔ اخراجات میں اضافہ اور اندرونی اور بیرونی قرضے عوام پر بوجھ بنتے جارہے ہیں۔ حکومت قرضوں پر قرضے لے رہی ہے لیکن اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو صوبے کے مسائل اور منصوبہ بندی کے حوالے سے اسمبلی کو اعتماد میں لینا چاہئے۔ حکومت کو ایک دوسرے کو خوش کرنے کے بجائے عوامی فلاحی منصوبے شروع کرنے چاہئے اور صوبے میں جاری کاموں کی تکمیل پر پوری توجہ دینی چاہئے تاکہ عوام کا پیسہ ضائع نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :