افغان مہاجرین کرکٹ لیگ کاانعقاددونوں ممالک کے عوام کو مزیدقریب لائیگا،ڈپٹی سپیکرمحمودجان

منگل 10 دسمبر 2019 23:54

افغان مہاجرین کرکٹ لیگ کاانعقاددونوں ممالک کے عوام کو مزیدقریب لائیگا،ڈپٹی ..
پشاور۔10دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) قائمقام سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کرکٹ لیگ 2019ء کا انعقاد نہ صرف دونوں ممالک کی عوام کو مزید قریب لانے میں اپنا کردار ادا کرے گا بلکہ ایسے مواقعوں سے دونوں ممالک کے عوام میں بھائی چارے اور دوستی کی فضاء بھی قائم ہوگی اور دونوں ممالک ترقی کی جانب گامزن ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بروز منگل حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں صوبے کی10 اضلاع کے مابین افغان مہاجرین کرکٹ لیگ 2019ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ تقریب میں ڈائریکٹر (MORR )عبدالحمید جلیلی، ممبر افغان کمشنریٹ بریالے میاں خیل، ڈائریکٹر ایجوکیشن اینڈ یوتھ سی اے آر احسان اللہ، ڈائریکٹر ایس ایس یو فضل ربی، ڈائریکٹر سی ڈی یو عبدالوحید خٹک ، ناظم نصیر خان کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام و اہلکار کے ہمراہ عوام کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

قائمقام سپیکر محمود جان نے افغان کمشنر ڈائریکٹریٹ خیبر پختونخوا اور صوبائی حکومت کو متذکرہ لیگ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کا مختلف اضلاع میں مہاجرین کیمپوں کی ٹیموں پر مشتمل لیگ کا انعقاد ایک قابل تحسین اقدام ہے جس کی بدولت پاکستان میں مقیم افغان نوجوانوں کو بھی کھیلوں میں شرکت کر کے اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ یہ امر نہایت خوش آئند ہے کہ افغان مہاجرین کے کیمپوں کی ٹیموں میں ایسے کھلاڑی بھی موجود ہیں اور مذکورہ لیگ میں حصہ لے رہے ہیں جن کے بھائی افغانستان کی قومی ٹیم میں شامل ہیں محمود جان نے کہا کہ کھیلوں کے منعقد کرنے سے یہ بات ثابت ہے کہ صوبے اور ملک میں امن قائم ہے کیونکہ جہاں امن ہوتا ہے وہاں کھیلوں کی سرگرمیاں ہوتی ہیں لہٰذا حکومت کھیلوں کے فروغ میں نہ صرف دلچسپی رکھتی ہے بلکہ کھیلوں کے ذریعے نوجوان نسل کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں کے ذریعے پاکستانی ٹیموں کا دیگر ممالک کی ٹیموں کے ساتھ میچز ہونے چاہئیں تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو دنیا میں نہ صرف ایسی کارکردگی دکھانے کا موقع مل سکے بلکہ ممالک کی آپس میں دوریوں کو بھی ختم کیا جاسکے اس موقع پر قائم مقام سپیکر نے سپورٹس کمپلیکس میں حیات آباد کے مستقل رہائشیوں کو ممبر شپ دینے کے معاملے کو بھی حل کرنے کی یقین دہانی کی ۔

قبل ازیں قائم مقام سپیکر کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا اور انکے سامنے ٹاس کیا گیا ٹاس ضلع ہنگو کی ٹیم نے جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ ضلع پشاور مہاجرین کی ٹیم کو فیلڈنگ ملی جبکہ قائمقام سپیکر محمود جان نے شاٹ لگا کر افغان مہاجرین کرکٹ لیگ 2019ء کاافتتاح کیا۔