Live Updates

وزیر اعظم کی موثر پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے ،

ان ہائوس تبدیلی اور مائنس ون کی باتیں بے بنیاد ہیں ، حکومت آئینی مدت پورے کرے گی ،وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 10 دسمبر 2019 22:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ان ہائوس تبدیلی اور مائنس ون کی باتیں بے بنیاد ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی موثر اور جامع پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی طور پر مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پورے کرے گی۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے نام پر ابھی اتفاق نہیں ہوا، امید ہے کہ (آج) بدھ کو اجلاس میں نام حتمی ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون سازی سمیت دیگر معاملات میں حکومت اور اپوزیشن کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ مثبت عوامل کے تحت جمہوریت چلے گی۔

(جاری ہے)

اعظم سواتی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قوم سے کئے ہوئے وعدے پورے کر رہے ہیں، ان کی متحرک قیادت میں کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی آئی ہے، سٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی ہے اور عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں اسلئے اپوزیشن کو مزید چار سال تک عمران خان کو ہی برداشت کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ریفارمز کا ایجنڈا لیکر آئی ہے، گورننس کو بہتری کی طرف لیکر جا رہے ہیں، ہم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے زرعی شعبے کے لئے 100 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے جو حکومتی مداخلت کے بغیر اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہا ہے، ہم ملک میں سب کیلئے بلاتفریق احتساب چاہتے ہیں، پی ٹی آئی سمیت کسی جماعت کا کوئی رکن قانون سے بالاتر نہیں، قانون سب کے لئے برابر ہے ۔ ملک میں بدعنوان اور لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات