Live Updates

قومی معاملات پر قانون سازی کرنے کے لئے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں،

حکومت ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ، وفاقی وزیر شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 10 دسمبر 2019 23:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ قانون سازی کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کرنا چاہتی ہے، موجودہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے مختلف قومی معاملات پر پہلے بھی ملک کے وسیع تر مفاد میں قانون سازی کی ہے ۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مشاورت، ڈسکشن اور تعمیری تنقید جمہوریت کا حسن ہے، جمہوری اور پارلیمانی نظام میں کوئی خاموشی اختیار نہیں کرسکتا، ہم قومی معاملات پر قانون سازی کرنے کے لئے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

شفقت محمود نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے بارے میں باضابطہ طور پر بات نہیں کی، پی ٹی آئی حکومت ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومتیں تباہ حال معیشت چھوڑ کر گئی تھیں تاہم وزیر اعظم عمران خان کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت قومی معیشت کو مستحکم کرنے، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا، وزیر اعظم عمران خان اور حکومت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو ہر بین الاقوامی فورم پر اجاگر کر رہے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات