مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف 25 غیر سرکاری تنظیموں اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کا ممبئی میں احتجاجی مظاہرہ

بدھ 11 دسمبر 2019 12:12

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف 25 غیر سرکاری تنظیموں ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں کے خلاف ممبئی میں کم از کم 25 غیر سرکاری تنظیموں اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فرینڈز آف ڈیموکریسی، ممبئی سروودیا منڈل، سمودھان جاگرن کمیٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا جیسی 25این جی اوز کے نمائندوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرمنگل کو چرچ گیٹ ریلوے سٹیشن کے باہر مظاہرے میں شرکت کی۔

شرکاء نے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کا تحفظ کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آٖف انڈیا کے چرول جوشی نے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی بحالی کا مطالبہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ تعلیمی ادارے کھول دیے گئے ہیں لیکن انٹرنیٹ تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو بالخصوص دسویں اور بارہویں جماعت کے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہاکہ کشمیر سے باہر رہنے والوں کے اہلخانہ مسلسل خوف میں مبتلا رہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کونشونما پانے اوراپنے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے مواقع نہیں ہیں۔ سروودیا منڈل کے سورج بھور نے مستقبل کے لائحہ عمل کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے آج مظاہروں کا سلسلہ شروع کیاہے اوریہ ایک بڑے مقصد کے لیے جاری رہے گا۔