کرکٹ کرپشن کیس، ناصر جمشید کو پی سی بی کی جانب سے مزید پابندی کا سامنا

ناصر جمشید 2 ٹیسٹ، 48 ایک روزہ اور 18 ٹی 20 پاکستان کی طرف سے کھیل چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 11 دسمبر 2019 12:52

کرکٹ کرپشن کیس، ناصر جمشید کو پی سی بی کی جانب سے مزید پابندی کا سامنا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 دسمبر2019ء) سابق کرکٹر ناصر جمشید کی جانب سے کرکٹ کرپشن کیس میں انگلینڈ میں اعتراف جرم کے بعد پی سی بی کی جانب سے بھی اوپنر کو مزید پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام فروری میں مانچسٹر کراون کورٹ کی طرف سے ناصر جمشید کیس کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کررہے ہیں جسکا جائزہ لینے کے بعد سابق کرکٹر کےخلاف مزید کارروائی کرنےکا فیصلہ ہوگا۔

کرکٹ کرپشن کے خاتمے کے حوالےسے انٹرنیشنل کونسل کے قوانین بھی اس بارے میں واضح ہیں کہ اگر کسی بھی ملک میں کرکٹ کرپشن پر کسی کرکٹر کو سزادی جاتی ہے تو آئی سی سی سے الحاق رکھنے والے تمام بورڈز ممالک بھی اس پابندی کو لاگو کرنے کے پابند ہوں گے۔پی سی بی پہلے ہی اگست 2018ء میں ناصر جمشید کو دس سال پابندی کی سزا سنا چکاہے۔

(جاری ہے)

یہ اس وقت کے جرم کو سامنے رکھ کر سزا دی گئی تھی۔

اب تفصیلی فیصلے میں نئے شواہد سامنے آنے پر ناصر جمشید کے خلاف مزید کارروائی ہوسکے گی اور دوبارہ ناصر جمشید کو نوٹس جاری کیا جائےگا۔لاہور سے تعلق رکھنے والے ناصر جمشید2 ٹیسٹ، 48 ایک روزہ اور 18 ٹی ٹونٹی پاکستان کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے تین روز قبل مانچسٹر کی کراﺅن کورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے پاکستان سپرلیگ کے دوسرے ایڈیشن میں کرکٹرز کو سپاٹ فکسنگ پر اکسایا اور انہیں اسکے بدلے بھاری معاوضے کی آفر کی۔

ناصر جمشید کے دو ساتھیوں یوسف انور اور محمد اعجاز نے پہلے ہی یہ جرم قبول کیاتھا جسکے بعد ناں ناں کرنےوالے ناصر جمشید کو بھی بالاآخر عدالت میں اپنا موقف بدل کر اعتراف کرنا پڑا ہے۔ دوسری جانب ناصر جمشید کےخلاف لاہور میں پی سی بی کی طرف سے دائر کیے جانےوالے کیس میں پی سی بی ٹربیونل کی جانب سے بار بار بلانے کے باوجود ناصر جمشید کبھی پیش نہیں ہوئے جبکہ سکائپ پر ناصر جمشید نے خود کو معصوم قرار دیا تھا۔

انکا وکیل یہ موقف اختیار کرتا رہا کہ ناصر جمشید بےگناہ ہیں، انکو اس کیس میں پھنسیایا گیاہے۔کرکٹ کرپشن کے اسی کیس میں پی سی بی کی جانب سے شرجیل خان ، خالد لطیف اور شاہ زیب حسن کو سزائیں بھی دی جاچکی ہیں۔ شرجیل خان اپنی پابندی کا عرصہ ختم ہونے کے بعد پی ایس ایل میں ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئینگے، انہیں کراچی کنگز نے منتخب کیا ہے، کرکٹ کرپشن میں مجموعی طور پر ناصرجمشید 27ویں کرکٹر ہوں گے جن کو سزاسنائی جائےگی۔