بیرون ملک تجارتی نمائشوں سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا‘شہباز اسلم

غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے بیرون ملک سفارتخانوں میںٹریڈ آفیسر کو فعال کیا جائے

بدھ 11 دسمبر 2019 14:56

بیرون ملک تجارتی نمائشوں سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا‘شہباز اسلم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2019ء) تاجر رہنما و ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری سابق وائس چیئرمین فرایا شہباز اسلم نے کہا ہے کہ بیرون ملک تجارتی نمائشوں سے ملکی مصنوعات کی کھپت میں اضافہ سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا جس سے صنعتی شعبہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ تجارتی میلوں اور نمائشوں کے ذریعے پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے فائونڈر چیئرمین عدنان بٹ نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور بیرون ملک تجارتی نمائشوں کیلئے بیرون ملک ملکی سفارتخانوںمیں تعینات ٹریڈ آفیسرز کو فعال کیا جائے اور دنیا بھر میں منعقدہ صنعتی و تجارتی نمائشوں کی معلومات مقامی صنعتکاروں تنظیموں کو بروقت فراہم کی جائے تاکہ ان نمائشوں میں مقامی صنعتی شعبہ شرکت کرکے ملکی برآمدات اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرکے ملکی معیشت کو مستحکم کرسکے۔

(جاری ہے)

شہباز اسلم نے کہا کہ حکومت ملک میں تجارتی میلوں اور نمائشوں کے انعقادکے لیے نجی شعبہ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کرے ،تجارتی نمائشیں خریداروں تک رسائی، برآمدات میں اضافہ اور ملک میں کثیر زرمبادلہ لانے کا اہم زریعہ ہے۔نجی شعبہ تجارتی نمائشوں کے انعقاد میں دلچسپی لے رہا ہے مگر اب بھی دیگر ممالک کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں بہت محنت کی ضرورت ہے کیونکہ ترقی یافتہ ممالک تجارتی نمائشوں اور میلوں کے ذریعے اپنی بھر پور مارکیٹنگ کرکے برآمدات کو فروغ دے رہے ہیں۔حکومت کو چاہیے کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تجارتی نمائشوں اور میلوں کے انعقاد میں نجی شعبہ خصوصاً ایکسپورٹر کے ساتھ بھر پور تعاون کرے۔