Live Updates

اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ اور تربیت کی ضرورت ہے

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال کا اساتذہ کی تربیت کے لئے پاکستان بیت المال اور امریکن ایجوکیشن بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب

بدھ 11 دسمبر 2019 16:20

اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ اور تربیت کی ضرورت ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ اور تربیت کی ضرورت ہے۔ وہ پاکستان بیت المال اور امریکن ایجوکیشن بورڈ کے اشتراک سے اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس کے تحت سکول برائے بحالی اطفال کے اساتذہ کو تربیت دی جائے گی۔

بدھ کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ ج لال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی، یو ایس ایڈ امریکن ایجوکیشن بورڈ سمیت متعلقہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ پاکستان بیت المال کی تمام ٹیمیں اپنے قائد کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پرعزم ہیں، ہمارا یہاں بیٹھنا صرف نشستاً برخاستاً نہیں ہونا چاہئے بلکہ قائد کے وژن پر عملدرآمد کے حوالہ سے یہ بیٹھک اہم ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

اساتذہ معاشرہ کا اہم دست و بازو ہیں اور یہ قوم کے معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب اساتذہ اپنی تربیت مکمل کرکے واپس آئیں تو وہ بھرپور عزم کے ساتھ خدمات سرانجام دیں۔ انسانی وسائل کی استعداد بڑھانے کیلئے یہ پروگرام اہم ثابت ہو گا، ہم خصوصی طور پر بچیوں کے سکولوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بنیاد پرائمری سکول ہیں، ان تعلیمی اداروں میں تدریس سے وابستہ اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ اور تربیت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع سے گھروں میں بیٹھ کر ٹیوشن سے وابستہ نوجوان بھی مستفید ہو سکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان علم کی بنیاد پر معیشت کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کام میں عالمی سرٹیفکیشن کی اہمیت ہے۔ اس موقع پر امریکن بورڈ آف سرٹیفکیشن آف ٹیچر ایکسی لینس کے نائب صدر افتخار نے اساتذہ کی تربیت اور سرٹیفکیشن پروگرام کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ بیت المال کے ایم ڈن عون عباس بپی نے کہا کہ اس پروگرام سے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ میں مدد ملے گی، پاکستان بیت المال اسے قومی فریضہ سمجھتا ہے، اس سلسلہ میں تعاون جاری رہے گا، یہ پروگرام تربیت کے ساتھ ساتھ فری آف کاسٹ ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات