2020خطرناک سال ہے ، منظور وسان کی پیش گوئی

شریف کی واپسی جلدممکن نہیں مگروہ واپس ضرورآئیں گے، سابق صوبائی وزیر

بدھ 11 دسمبر 2019 18:13

2020خطرناک سال ہے ، منظور وسان کی پیش گوئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے پیش گوئی کی ہے کہ 2020 خطرناک سال ہے ، بہت سے لوگ تبدیل اور بہت سے نئے لوگ آئیں گے، نواز شریف کی واپسی جلدممکن نہیں مگروہ واپس ضرورآئیں گے۔سندھ ہائی کورٹ میں آمد سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ سندھ منظور وسان نے کہاکہ 2020 خطرناک سال ہے ، ٹوئنٹی ٹوئنٹی ویسے بھی خطرناک ہوتا ہے، سال 2020میں بہت سی تبدیلیاں سامنے آئیں گی، بہت سے لوگ تبدیل اوربہت سے نئے لوگ آئیں گے۔

نواز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی واپسی جلدممکن نہیں مگروہ واپس ضرورآئیں گے، وہ 2020میں وطن واپس آئیں گے۔پی پی رہنما نے کہاکہ آصف زرداری کاکیس سندھ کاہے،جلدی باہرجانے کیلئے تیارنہیں، سندھ میں کیس کامنتقل ہونابہت ضروری ہے، زرداری صاحب کی طبیعت حقیقتاً خراب ہے، ایک کو ریلیف دیا ہے تو اوروں کو بھی ملنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سختیاں نئی نہیں ،پہلے بھی جیل جاچکے ہیںقربانیاں دی ہیں، بلاول بھٹوکی قیادت میں پی پی عوام کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی، ہماری ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں فتح ہوگی۔

منظور وسان نے کہا کہ جب تک حکومت تبدیل نہیں ہوتی عوام کو ریلیف ملنا ممکن نہیں۔اس سے قبل آمدن سے زائداثاثوں کے کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ، نیب پراسیکیوٹر نے کہا منظوروسان کے خلاف تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور ریفرنس منظوری کیلئے نیب ہیڈکوارٹرز بھیج دیا گیا ہے۔بعد ازاں عدالت نے ریفرنس دائر کرکے رپورٹ12فروری کو پیش کرنے کا حکم دیا۔