بحری اڈے پر حملہ، امریکہ میں زیر تربیت 175 سعودی ہوا باز طالبعلم گراؤنڈ کردیئے گئے

بدھ 11 دسمبر 2019 19:42

بحری اڈے پر حملہ، امریکہ میں زیر تربیت 175 سعودی ہوا باز طالبعلم گراؤنڈ ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2019ء) فلوریڈا میں امریکی بحریہ کے ایک اڈے پر گزشتہ ہفتے سعودی فضائیہ کے لیفٹیننٹ کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کے بعد زیر تربیت 175 سعودی عسکری ہوا بازوں کو’حفاظتی اقدامات‘ کے تحت گراؤنڈ کردیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی فضائیہ کے 21 سالہ اہلکار لیفٹیننٹ محمد سعید الشامرانی نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

فلوریڈا میں امریکی بحریہ کے ایک اڈے پر حملے کے بعد زیر تربیت سعودی ہوا بازوں کے لیے صورتحال مایوس کن ہوگئی ہے۔اس ضمن میں امریکی بحریہ کے ترجمان لیفٹیننٹ آندریانا جینولیڈی نے بتایا سعودی عرب کے زیر تربیت عسکری ہوابازوں کے لیے حفاظتی اقدامات اور 'آپریشنل تعطل' (9 دسمبر) سے شروع ہوا۔

(جاری ہے)

ایک اور امریکی عہدے دار کا کہنا تھا کہ سعودی طالبعلموں کو گراؤنڈ کرنے کا مقصد بالآخر انہیں اپنی تربیت دوبارہ شروع کرنے کیلئے تیار کرنا ہے اور اگر ایسا کوئی واقعہ امریکی فوجی دستے میں پیش آتا تو اسی طرح کا طریقہ کار اختیار کیا جاتا۔

آندریانا جینولیڈی نے کہا کہ گراؤنڈنگ میں 3 مختلف فوجی سہولیات شامل ہیں جس میں نیول ایئر اسٹیشن پینساکولا، نیول ایئر اسٹیشن وائٹ فیلڈ اور نیول ایئر اسٹیشن میپورپورٹ ہے اور یہ تمام فلوریڈا میں ہی ہیں۔