مسیحی ملازمین کو کرسمس سے قبل 18 دسمبر تک ماہوار تنخواہ اور پنشن ادا کی جائے،میونسپل ورکرزٹریڈ یونین الائنس

بدھ 11 دسمبر 2019 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2019ء) میونسپل ورکرزٹریڈ یونین الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ اور جنرل سیکریٹری ملک نواز نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی 25 دسمبر کو کرسمس کا تہوار منایا جارہا ہے اس سلسلے میں یونین کے معاہدے اور سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت مسیحی ملازمین کو ماہ دسمبر کی ماہوار تنخواہیں اور پنشن ایڈوانس ادا کی جاتی ہیں تاکہ وہ اپنا مذہبی تہوار اپنے اہل و عیال کے ساتھ مذہبی جوش و جذبے سے مناسکیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا فنانس رولز کے تحت بلدیاتی اداروں کے مسیحی ملازمین کو کرسمس سے قبل ماہوار تنخواہ اور پنشن ایڈوانس 18 دسمبر تک ادا کی جائے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلدیاتی اداروں کو کرسمس کی تنخواہ و پنشن کی ادائیگی کیلئے قبل از وقت فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کریں۔