پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 حادثے سے بال بال بچ گئی

طیارے سے پرندہ ٹکرانے کے باعث پی آئی اے کی لاہور سے کراچی کی پرواز پی کے305 اور کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے306 منسوخ۔ ترجمان پی آئی اے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 11 دسمبر 2019 20:56

پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 حادثے سے بال بال بچ گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2019ء) پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 حادثے سے بال بال بچ گئی۔ پی کے 304 سے ٹیک آف کے فوری بعد پرندا ٹکرا گیا، طیارے سے پرندہ ٹکرانے کے بعد پی آئی اے کی لاہور سے کراچی کی پرواز پی کے305 اور کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 306 منسوخ کر دی گئیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارےکو بحفاظت واپس کراچی ایئرپورٹ پراُتارلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 ایک خوفناک حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئی، پی آئی اےکی کراچی سےلاہورجانے والی پروازپی کے304سےٹیک آف کےفوراًبعدپرندہ ٹکراگیا، جس کے بعد قومی ایئر لائن کی 2 پروازیں پی کے 305 اور پی کے 306 منسوخ کر دی گئیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ متبادل پروازشام 7 بج کر15منٹ پرروانہ ہوئی۔

(جاری ہے)

ترجمان قومی ایئر لائن نے بتایا کہ پرواز پی کے 305 کی منسوخی کے بعد کراچی سےلاہور جانے والی پروازپی کے306 بھی منسوخ کردی گئی۔

اس سے قبل لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 305 بھی منسوخ کر دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ آج سیالکوٹ ائیر پورٹ پر قومی پرواز حادثے سے بال بال بچی تھی۔ سیالکوٹ ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز کو حادثہ پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق طیارہ ٹرن کر رہا تھا تو رن وے پر بیٹھ گیا جس سے پی آئی اے کی پرواز بوئنگ 777 کا ٹائر پھٹ گیا۔ رواں سال جولائی میں بھی پیرس سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔

طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا جس کے باعث پی آئی اے کی پرواز پی کے 734 کو سیالکوٹ ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔اور لاہور آنے والی کئی پروازوں کا بھی موڑ دیا گیا تھا ۔ ائیرپورٹ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ طیارے میں 342 مسافر سوار تھے جن کی منزل لاہورتھی تاہم پرندہ ٹکرانے کے باعث کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے طیارے کو سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

،کچھ روز قبل بھی مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا تھا،جس سے پی کے 710کے انجن کو نقصان پہنچا۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق جہاز میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے تھے۔جہاز کو لاہور ائیرپورٹ پرنقصان کے بعد گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔ ایس جہاز نے لاہور سے 350مسافروں کو لے کر لندن بھی جانا تھا۔جہاز کا انجن خراب ہونے سے لندن کی پرواز بھی 5گھنٹے کے لیے تاخیر کا شکار رہی۔اسی طرح استنبول سے لاہور آنے والی پرواز بھی حادثے کا شکار ہو گئی تھی،جب کہ ملتان انٹر نیشنل ائیر پورٹ پردبئی سے ملتان آنے والے جہاز کی لینڈنگ کے دوران پرندہ ٹکرا گیا تھا جس سے جہاز کے انجن کو شدیدنقصان پہنچا تھا ۔