پنجاب بار کونسل کا کل صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان

پنجاب بھر کے وکلاحضرات جمعرات کے روز عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کریں گے: پنجاب بار کونسل

Usama Ch اسامہ چوہدری بدھ 11 دسمبر 2019 22:47

پنجاب بار کونسل کا کل صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 11 دسمبر2019 ) : پنجاب بار کونسل نے کل صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلا اور ڈاکٹر کے مابین ہونے والے معاملے پر پنجاب بار کونسل نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔پنجاب بار کونسل کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے وکلاحضرات جمعرات کے روز عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کریں گے اور واقعے کے خلاف احتجاجی ریلیاں لکالیں گے ۔

پنجاب بار کونسل نے واقعے پر کل ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا ہےجس میں موجودہ صورتحال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے ہو گا۔ بار کونسل کے مطابق وکلا ڈاکٹرز کے رویے کے خلاف پرامن احتجاج کے لیے پی آئی سی پہنچے تھے لیکن پرامن وکلا کو پولیس اور ڈاکٹرز کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیاتھا۔ پنجاب بار کونسل کے رہنماؤں نے کہاتھا کہ پولیس اور ڈاکٹروں کے تشدد سے کئی وکلا زخمی ہوئے جبکہ وکلا پر کیے جانے والے تشدد اور آنسو گیس شیلنگ کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ فاقی وزیر قانون راجہ بشارت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھاکہ قانون ہاتھ میں لینے کی جو روایت شروع ہوئی ہے اسے ختم کیا جائیگا۔ انکا کہنا تھا کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث کچھ افراد کی شناخت کی جا چکی ہے۔انکا کہنا تھا کہ جو لوگ ذمہ دار ہیں ان کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائیگی، وزیرا علیٰ نے واضع پیغام دیا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔

انکامزید کہنا تھا کہ یاسمین راشد اور فیاض الحسن چوہان نہ ہوتے تو زیادہ نقصان کا خدشہ تھا۔ یاد رہے کہ پی آئی سی واقعے پر ینگ کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن پاکستان اور ینگ ڈاکٹرز نے مشترکہ طور پر کل بروز ( جمعرات ) کو صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا تھا۔