Live Updates

آصف علی زرداری اور نواز شریف کا سیاسی کیریئر ختم ہو گیا، کوئی بھی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے ووٹروں کی تعداد میں کمی نہیں کر سکتی، شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 12 دسمبر 2019 00:30

آصف علی زرداری اور نواز شریف کا سیاسی کیریئر ختم ہو گیا، کوئی بھی سیاسی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کا سیاسی کیریئر ختم ہو گیا ہے، دونوں سیاستدانوں کا کھیل اب باقی نہیں رہا، نواز شریف عدالتی احکامات پر باہر گئے لیکن وہ علاج معالجے کے بہانے مزے اڑا رہے ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دونوں سیاستدان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے، پی ٹی آئی کا ووٹر موجودہ قیادت کے ساتھ ہے اور ان کی خواہش ہے کہ حکومت بدعنوان عناصر کا احتساب کرے۔

(جاری ہے)

مریم نواز کی جانب سے اپنے والد کی عیادت کیلئے بیرون ملک جانے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر عدالت مریم نواز کو ضمانت دیتی ہے تو پھر موجودہ حکومت عدالتی عظمیٰ سے مدد طلب کرے گی تاہم عدالتی حکم کے بعد مریم نواز کے معاملے کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ اس معاملے کے حوالے سے تفصیلی عدالتی حکم ابھی نہیں آیا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) یا کوئی اور جماعت پنجاب میں پی ٹی آئی کے ووٹروں کی تعداد میں کمی نہیں کر سکتی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات