2 افراد نے نئی نویلی دلہن کو گھر میں گھس کر قتل کر دیا

واردات کے وقت مقتولہ گھر میں اکیلی تھی، لڑکی کو سر ،سینے اور ہاتھ پر 3 گولیاں لگیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 12 دسمبر 2019 13:47

2 افراد نے نئی نویلی دلہن کو گھر میں گھس کر قتل کر دیا
کراچی ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار،12 دسمبر 2019ء) : 2 نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر دلہن کو قتل کر دیا۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں دو ملزمان نے گھر میں گھس کر لڑکی کو قتل کر دیا۔ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 24 سالہ لڑکی کو قتل کیا اور بعدازاں فرار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر تھانے کی حدود نشتر روڈ فلمستان سینما پٹرول پمپ کے قریب واقع گھر میں گھس کر 2 ملزمان نے 24سالہ نایاب زوجہ یوسف کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق واردات کے وقت مقتولہ گھر میں اکیلی تھی۔ملزمان گھر میں داخل ہونے کے بعد کمرے میں گئے اور 30 بور پستول سے فائرنگ کی۔مقتولہ کو سر ،سینے اور ہاتھ پر 3 گولیاں لگیں۔

(جاری ہے)

جس میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔اس کا شوہر محنت کش ہے۔جب کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ قتل کی وجہ سے رشتے کا تنازع ہے اور قتل میں ملوث ملزمان بھی رشتے دار ہیں تاہم قتل کی واردات کو خاندانی دشمنی بتایا جاتا ہے۔

مقتولہ کا آبائی تعلق چارسدہ سے تھا۔پولیس اس حوالے سے واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایسے واقعے پیش آئے ہیں۔پڑوسینے نئی نویلی دلہن کو قتل کر کے خودکشی کر لی تھی۔ یہ افسوسناک واقعہ ننکانہ صاحب میں پیش آیا تھا جہاں شاہ ہورا میں ایک پڑوسی نے نئی نویلی دلہن کی جان لے لی۔دلہن کو قتل کرنے کے بعد مذکورہ شخص نے اپنی بھی جان لے لی۔

قتل ہونے والی نئی نویلی دلہن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کی عمر 18 سال کی تھی۔ 18 سالہ اقراء نامی لڑکی کی شادی دو روز قبل ہوئی تھی جب کہ وہ والدین سے ملنے میکے آئی ہوئی تھی۔نئی نویلی دلہن والدین سے ملنے کے بعد اپنے پڑوس میں گئی۔تو کرامت نامی نوجوان نے پہلے لڑکی کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور بعد ازاں خود کو گولی مار لی۔