Live Updates

مارچ تک 5 مقدمات میں آصف علی زرداری کا پہلی بارگین آجائے گا

لاہور میں پڑھی لکھی کور کے غیرذمہ دارانہ رویہ پر پوری قوم سکتے میں ہے، وفاقی وزیر ریلو شیخ رشید احمد کا بحریہ یونیورسٹی میں سمینار سے خطاب، صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 12 دسمبر 2019 14:12

مارچ تک 5 مقدمات میں آصف علی زرداری کا پہلی بارگین آجائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر ریلو شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی ضمانت اچھی بات ہے ،مارچ تک 5 مقدمات میں ان کا پہلی بارگین آجائے گا، وکلاء نے جناح کا کوٹ پہن کر جاہلوں سے بدتر حرکت کی، کالے اور سفید کوٹ کی لڑائی میں قیمتی جانیں گئیں اور دنیا کو پیغام ملا کہ ہم میں تحمل اور برداشت نہیں۔

وہ جمعرات کو بحریہ یونیورسٹی میں سمینار سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہا کہ لاہور میں پڑھی لکھی کور کے غیرذمہ دارانہ رویہ پر پوری قوم سکتے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی مارچ تک 5 کیسز کی پلی بارگین ہو جائے گی، بلاول نے بھی پلی بارگین نہ کی تو ان کا سیاسی مستقبل ختم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں عام آدمی مہنگائی اور دیگر مسائل سے دوچار ہے، عوام کو ان مسائل سے عمران خان ہی نکالیں گے، نئے انتخابات کا مطالبہ کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا بھارت ایک ہندو ریاست بنتی جا رہی ہے، مسلمان شہریت حاصل نہیں کرسکتے، مودی کو نہیں پتا یو پی اور سی پی کا مسلمان بھی جاگے گا، حکومت پاکستان ان مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ اہم دنوں کا آغاز ہوچکا ہے ، آنے والے چند دنوں میں پلی بارگیننگ کے بہت سے کیسز آئیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل کے لئے اتفاق رائے ملک اور قوم کے لئے بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ2013ء اور 2018ء کے نتائج بھی تسلیم نہیں کئے گئے یہ روایات ختم ہونی چاہئیں، جیت جائیں تو الیکشن کمیشن کاکوئی ثانی نہیں ہوتا اگر ہار جائیں تو دھاندلی کی کوئی مثال نہیں ہوتی یہ دوہرا معیار ختم ہونا چاہیے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ہے، نوجوان اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی ترقی کے لئے وسائل کو درست طور پر استعمال کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ملکی معیشت مضبوط ہوتی ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، ہمیں اپنی افرادی قوت کو درست طریقے سے استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان مجموعی آبادی کا 60 فیصد ہیں ، ہم نے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دینی ہے تاکہ نوجوان ہماری طاقت بن کر ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔

نوجوان ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ افرادی قوت کے لحاظ سے پاکستان نمایاں مقام رکھتا ہے ،بیرون ممالک میں بھی افرادی قوت پاکستانی فراہم کررہے ہیں اور ملک کے اندر بھی ہماری افرادی قوت کا کوئی ثانی نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات