ْحکومت کا مسیحی ملازمین کو ایڈوانس تنخواہیں و پینشنز دینے کا فیصلہ

مسیحی برادر ی سے تعلق رکھنے والے تمام مستقل ،کنٹی جینٹ اور کنٹریکٹ ملا زمین اور پینشنرز کو ماہ دسمبر کی تنخواہ وپینشن ایڈوانس دی جائیں گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 12 دسمبر 2019 17:15

ْحکومت کا مسیحی ملازمین کو ایڈوانس تنخواہیں و پینشنز دینے کا فیصلہ
لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 دسمبر 2019ء) : حکومت سندھ نے 25 دسمبر کرسمس کے مو قع پر مسیحی سرکار ی ملا زمین اور پینشنرزکو تنخوا ہ اور پینشن ایڈوانس ادا کر نے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نو ٹیفیکیشن کے مطابق مسیحی برادر ی سے تعلق رکھنے والے تمام مستقل ،کنٹی جینٹ اور کنٹریکٹ ملا زمین اور پینشنرز کو ماہ دسمبر کی تنخواہ وپینشن یکم جنوری 2020کے بجا ئے 16دسمبر کو ادا کردی جائے گی۔

جب کہ دوسری جانب گورنر پنجاب کی خصوصی ہدایت پر محکمہ خزانہ کی جانب سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے تمام سرکاری ملازمین کی دسمبر 2019ء کی تنخواہ بمعہ الائونسسز 20دسمبر تک جاری کردی جائے گی ۔مسیحی برادری سے تمام پینشنرز بھی رواں ماہ کی پینشن 20دسمبر کو حاصل کر سکیں گے ۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ خزانہ کے مطابق مسیحی برادری کو تنخواہوں اور پینشن کی جلد ادائیگی کا فیصلہ کرسمس کی خوشیوں کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ۔

جب کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بھی کرسمس کی آمد کے موقع پر مسیحی برادری کے ملازمین کو ماہ دسمبر کی ایڈوانس تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔مسیحی برادری کے ملازمین کو 2دن کی چھٹیاں بھی دی جائیں گی۔مسیحی برادری کے ملازمین کو قبل از وقت تنخواہیں دینے کے لئے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ صوبے بھر میں چرچز کی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہیں۔

کرسمس کی تیاریوں کے لئے خریداری مںی بھی تیزی آ گئی ہیں۔شہر بھر کے گرجا گھروں اور مسیحی برادری کے گھروں میں کرسمس ٹری کے سجاوٹیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔گرجا گھروں کو رنگ برنگے جھنڈیوں ، برقی قمقوں کے ساتھ سجایا جا رہاہے جبکہ تجارتی مراکز بھی رات گئے تک کھولے رہنے لگے ہیں تاہم قیمتوں میں بے پناہ اضافہ سے مسیحی برادری کے ملازمین کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہاہے۔ گرجا گھروں میں 24دسمبر کو شب بیداری ہو گی جس کے دوران مسیحی برادری عبادت کرینگے صوبے بھر کے چرچز پر پولیس کی اضافی نفری کی تعیناتی بھی شروع کردی گئی ہیں۔