پاکپتن: بجلی اور کھادوں کی قیمتوں میں اضافے پر کسانوں نے سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا

پاکستان کسان اتحاد نے 18 دسمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر بچوں سمیت احتجاج کی کال دے دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 12 دسمبر 2019 17:52

پاکپتن: بجلی اور کھادوں کی قیمتوں میں اضافے پر کسانوں نے سڑکوں پر آنے ..
پاکپتن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12دسمبر 2019ء ، نمائندہ خصوصی، توقیر رمضان) بجلی اور کھادوں کی قیمتوں میں اضافے پر کسانوں نے سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا۔پاکستان کسان اتحاد نے 18 دسمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر بچوں سمیت احتجاج کی کال دے دی۔ تفصیلات کے مطابق بجلی اور کھادوں کی قیمتوں میں اضافے پر پاکستان کسان اتحاد نے اسلام آباد میں بچوں سمیت احتجاج کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

پاکپتن میں کسان اتحاد کے صوبائی صدر چوہدری رضوان اقبال نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ 18 دسمبر کو ملک بھر کے کسان اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسان زراعت کی ڈوبتی ناؤ کو بچانے کیلیے اپنی تمام کوششیں کریں گے،اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ملک بھر سے آئے کسان بچے برائے فروخت کا سٹال لگائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ناقص پالیسیوں کے باعث کسانوں کے فصل پر آنیوالے اخراجات بھی پورے نہیں ہو پاتے۔احتجاج میں پاکستان بھر سے ہزاروں کسان بچوں سمیت شرکت کریں گے۔