وکلاء کی غنڈہ گردی کے پیچھے امن دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے،آئندہ کسی کو صوبے کا امن و امان خراب نہیں کرنے دیا جائے گا، فیاض الحسن چوہان

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:14

وکلاء کی غنڈہ گردی کے پیچھے امن دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے،آئندہ کسی کو ..
لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) وکلاء کی غنڈہ گردی کے پیچھے امن دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے،آئندہ کسی کو صوبے کا امن و امان خراب نہیں کرنے دیا جائے گا۔وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سانحہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء کی غنڈہ گردی کے پیچھے امن دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن طاقتوں نے اس بہیمانہ واقعے کو سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسی صورتحال میں تبدیل کرنے کی پوری کوشش کی لیکن بزدار حکومت نے بروقت حکمتِ عملی سے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچا لیا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار ساری صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور تمام متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے سوشل میڈیا سمیت دیگر چینلز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی نشاندہی سے حکومت ان شر عناصر کو بے نقاب کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جن کا بیگم صفدر اعوان اور حمزہ شہباز سے قریبی تعلق ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وہ سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر اور بزدار حکومت کے نمائندے کے طور پر دونوں مشتعل فریقین میں تصفیہ کرانے موقع پر پہنچے۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آئندہ کسی گروہ کو صوبے کا امن و امان خراب کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دی جا ئے گی۔