ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ،حکومت اپنی رٹ منوانے میں ناکام ہوچکی 'سراج الحق

پنجاب کے کئی علاقے نو گو ایریا ہیں ،انتظامیہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لے، کارکنوںکے قاتل گرفتار کئے جائیں'مریدکے میں خطاب

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:53

ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ،حکومت اپنی رٹ منوانے میں ناکام ہوچکی ..
مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ،حکومت اپنی رٹ منوانے میں ناکام ہوچکی ہے ،پنجاب کے کئی علاقے نو گو ایریا ہیں جن میں ایک تحصیل مریدکے بھی شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی مریدکے کے سابق امیر جماعت شبیر سرویا اور انکے دو ساتھیوں کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ شبیر سرویا اور ان کے دو ساتھیوں کے قتل کوپانچ روز گزر گئے ہیں لیکن پولیس ابھی تک ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے ،انتظامیہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لے وگرنہ مظلوموں کا ہاتھ ہوگا اور انتظامیہ کا گریبان ہوگا۔

(جاری ہے)

قتل کئے جانے والے ہمارے کارکن تھے ،جماعت اسلامی ظلم سہتی ہے اور نہ ظلم کرنے دیتی ہے۔انہوں نے کہا ہم حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کررہے ہیں کہ قاتلوں کو گرفتار کرے ،پنجاب کے کئی علاقے نوگو ایریا بنے ہوئے ہیں جن میں سے ایک تحصیل مریدکے بھی ہے۔

انہوں نے کہا پی آئی سی پر حملہ کے حوالے سے حکومت کوپہلے سے علم تھا ،سب کچھ حکومت کے ناک کے نیچے ہوا ،پنجاب حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا عمران حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے ایک بھی پورا نہیں کیا ،عوام کو مہنگائی بیروزگاری کی د لدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا اسی طرح کشمیریوں کے ساتھ بھی حکومت نے مسلسل بے وفائی کی ،بھارت نے پہلے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرلیا اور پھر وہاں زبان ،ثقافت سمیت سب کچھ یہاں تک کہ ریڈیو کشمیر کا نام بھی تبدیل کر دیا ،ایسے حالات میں کشمیری بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے ،22دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور حکومت کی بے حسی کیخلاف ریلی نکالیں گے۔

سراج الحق مقتولین شبیر سرویا صداقت علی اوراسدہاشمی کے گھر بھی گئے ان کی مکمل کفالت اورقانونی جنگ لڑنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔