حکومت کا ہنگامہ آرائی میں جاںبحق مریضوں کےلواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان

جاں بحق مریضوں کےلواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے مالی امداد دی جائےگی، ڈاکٹروں اور دیگر لوگوں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 12 دسمبر 2019 19:31

حکومت کا ہنگامہ آرائی میں جاںبحق مریضوں کےلواحقین کیلئے مالی امداد ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 دسمبر 2019ء) حکومت پنجاب نے پی آئی سی ہنگامہ آرائی میں جاںبحق مریضوں کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جاں بحق مریضوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی، ڈاکٹروں اور دیگر لوگوں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں پی آئی سی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے مختلف پہلوؤں اور کیس پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلٰی پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق مریضوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں اور دیگر لوگوں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ جاں بحق مریضوں کے لواحقین اور دیگر لوگوں کو کل تک مالی امداد ہر صورت مل جانی چاہیے۔ جبکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آلات، مشینری اور دیگر سامان کو جلد ازجلد درست حالت میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پی آئی سی کی ایمرجنسی کی جلد بحالی اولین ترجیح ہے۔

دریں اثناں پی آئی سی کے ایم ایس کی وکلاء اور ڈاکٹرزکے درمیان ہنگامہ آرائی کے واقعے پر نقصان کی جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ ایمرجنسی بیک ہال، 15سیلنگ پیسز، اے ایم ایس ڈاکٹرز روم کے دروازے ٹوٹ گئے۔ حملے میں فارمیسی کے دوشیشے ، اور 7 گملوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں کی گاڑیوں کو جو نقصان پہنچایا گیا ہے ، پنجاب حکومت اس کو ادا کرے گی۔ہسپتال کو جو نقصان پہنچایا گیا ہے اس کا بھیہ تخمینہ لگایا جارہا ہے۔