وزیراعلیٰ پنجاب سمیت تمام ذمہ دران فوری مستعفی ہوجائیں، پی ایم اے کا مطالبہ

وزیراعلیٰ، وزیر قانون، محکمہ داخلہ، ڈی آئی جی آپریشنز اور سی سی پی او واقعے کے ذمہ دران ہیں،تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیدران کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 12 دسمبر 2019 20:10

وزیراعلیٰ پنجاب سمیت تمام ذمہ دران فوری مستعفی ہوجائیں، پی ایم اے کا ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 دسمبر 2019ء) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیدران نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سمیت تمام ذمہ دران فوری مستعفی ہو جائیں، پی ایم اے نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر قانون اور محکمہ داخلہ واقعے کے ذمہ دران ہیں، پی آئی سی حملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیدران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ کی ذمہ داری پنجاب کے وزیراعلیٰ اور وزیرقانون اورمحکمہ داخلہ پرعائد ہوتی ہے۔

ہم ان تمام ذمہ دران کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز اور سی سی پی او لاہورکو فوری معطل کیا جائے۔ جبکہ پی آئی سی حملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔ ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکس کی سکیورٹی کا بل بذریعہ آرڈیننس فوری نافذ کیا جائے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت علاج کیلئے وکلاء کی دی گئی ترجیحی مراعات کا نوٹیفکیشن فوری واپس لے۔ وکلاء کی پریکٹس مانیٹر کرنے کیلئے ہیلتھ کیئر کمیشن کی طرح خودمختارادارہ قائم کیا جائے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب نے کہا کہ سانحہ پی آئی سی پر 16دسمبر کو ملک گیر یوم سیا ہ منائیں گے۔ دوسری جانب وکلاء جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کل ملک بھرکی عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ وکلاء جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیدران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، چھاپے مارنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔

گرفتار وکلاء پر پولیس تشدد کی بھی مذمت کرتے ہیں، بار کے ارکان نے نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے بھی ملاقات کی، تاکہ معاملے کا کوئی حل نکل سکے۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے اصل محرکات کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔وکلاء پرامن طریقے سے احتجاج کریں گے۔ احسن بھون نے کہا کہ گرفتار وکلاء کو فوری رہا کیا جائے ، وکلاء برادری گرفتار وکلاء کی رہائی کیلئے کسی سے بھیک نہیں مانگے گی۔اگر کسی طالع آزما نے کوشش کی تو وکلاء اس سے بھی نمٹ لیں گے۔