فوج کے بعد عدلیہ کو شٹل کاک نہ بنایا جائے: سینئر صحافی ارشاد بھٹی

محترم چیف جسٹس صاحب، عدالتی نظام کو شٹل کاک بنانے والوں کے خلاف ردعمل کا انتظار ہے: ارشاد بھٹی کا ٹوئیٹ

Usama Ch اسامہ چوہدری جمعرات 12 دسمبر 2019 21:55

فوج کے بعد عدلیہ کو شٹل کاک نہ بنایا جائے: سینئر صحافی ارشاد بھٹی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 12 دسمبر 2019) : سینئر صحافی ارشاد بھٹی کا کہنا ہے کہ فوج کے بعد عدالتی نظام کوشٹل کوک نہ بنائیں۔ انکا کہنا ہے کہ محترم چیف جسٹس صاحب کے عدالتی نظام کو شٹل کاک بنانے والوں کے خلاف ردعمل کا انتظار ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے سینئر صحافی ارشاد بھٹی کا کہنا ہے کہ محترم چیف جسٹس صاحب آپ نے ایکسٹنشن کیس میں حکومت کومخاطب کرتےہوئےفرمایاتھا “ فوج ایک مقدس ادارہ،حکومت نےاسےشٹل کاک بنا دیا”۔

انکا کہنا ہے کہ محترم عدلیہ بھی ایک مقدس ادارہ،وکلاء کا ہسپتال پر حملہ،مارپیٹ،3 ہلاکتیں اور اب ہڑتال، سر اب عدالتی نظام کو شٹل کاک بنانے والوں پر آپکےردِعمل کاانتظار ہے۔
 یاد رہے کہ پی آئی سی ہسپتال پر حملے کرنے والے وکلاء کیخلاف دہشت گردی کے قانون کے تحت کاروائی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا،صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ آج پیش آئے واقعے میں ملوث کئی وکلاء گرفتار کیے جا چکے ہیں، مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، شر پسندوں کیخلاف مختلف دفعات کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے مبینہ طور پر اشتعال انگیز ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے معاملے پر وکلاء نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا ، ہسپتال کے اندر اور باہر توڑ پھوڑ کی ،علاج معالجہ معطل ہونے سے مبینہ طور پر چار مریض جاں بحق ہو گئےتھے ،مشتعل وکلاء نے پولیس موبائل کو نذر آتش کردیا اورصوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان اور میڈیا نمائندوں کو بھی بد ترین تشدد کا نشانہ بنایاتھا۔

وکلاء نے الزام عائد کیا تھاکہ ڈاکٹروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیواپ لوڈ کرتے ہوئے پی آئی سی آنے کاچیلنج کیا گیا جس پر بڑی تعداد میں وکلاء لاہور بارسے ریلی کی صورت میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے روانہ ہوئے جس کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا تھا۔ وکلاء کے احتجاج کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری پی آئی سی کے باہر پہنچ گئی اور رکاوٹیں کھڑی کر کے مرکزی دروازے کوبند کر دیا گیا تھا۔