سعودی آرامکو کی قدر 20کھرب ڈالر سے متجاوز‘ نو ماہ میں 68 ارب ڈالر منافع

سعودی اسٹاک مارکیٹ (تداول) میں کاروبار کے دوسرے روز اس کے ایک حصص کی قیمت بڑھ کر 38.7 ریال (10.32ڈالر) ہوگئی ہے سعودی آرامکو کمپنی دنیا میں مالیاتی قدر کے اعتبار سے سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے‘وہ ایپل اور توانائی کی پانچ بڑی کمپنیوں سے بھی آگے ہے

جمعہ 13 دسمبر 2019 11:25

سعودی آرامکو کی قدر 20کھرب ڈالر سے متجاوز‘ نو ماہ میں 68 ارب ڈالر منافع
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) دنیا میں سب سے زیادہ منافع کمانے والی سعودی عرب کی بڑی تیل کمپنی آرامکو کے حصص کی قدر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔سعودی اسٹاک مارکیٹ (تداول) میں کاروبار کے دوسرے روز اس کے ایک حصص کی قیمت بڑھ کر 38.7 ریال (10.32ڈالر) ہوگئی ہے۔اس کے اثاثوں کی قدربھی بڑھ کر بیس کھرب چھے ارب ڈالر(2006 ارب ڈالر) بھی ہوگئی۔

پہلے روز سعودی آرامکو نے 35.2 ریال (9.39 ڈالر) فی حصص میں کاروبار کیا تھا اور اس کے حصص کی قدر دس فیصد کی حد سے بڑھ گئی ہے۔اس طرح اس کی مجموعی قدر کا اندازہ 10 کھرب 880 ارب ڈالر(1880 ارب ڈالر) لگایا گیا تھا۔سعودی آرامکو دنیا میں مالیاتی قدر کے اعتبار سے سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے۔وہ ایپل اور توانائی کی پانچ بڑی کمپنیوں سے بھی آگے ہے۔

(جاری ہے)

سعودی آرامکو نے اپنے حصص کی پہلی مرتبہ فروخت (آئی پی او)کے وقت ایک حصص کی تخمینی قیمت 30 سے 32 ریال کے درمیان مقرر کی تھی۔

اس طرح اس نے حصص کی فروخت سے 25 ارب 60 کروڑ ڈالر حاصل کیے ہیں اور تاریخ میں پہلی مرتبہ حصص کی فروخت سے سب سے زیادہ رقم حاصل کرنے والی کمپنی بن گئی ہے۔سعودی آرامکو کی نئی قدر کے بعد حکام کا مقرر کردہ دو ہزار ارب ڈالر کا ہدف بھی پورا ہوگیا ہے۔آرامکو کی پہلے قدر 1700 ارب ڈالر مقرر کی گئی تھی لیکن نئی قدر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے 2016ء میں آرامکو کے حصص کی پیش کش کے اعلان کے وقت مقررہ کردہ ہدف کے عین مطابق ہے۔

انھوں نے تب کہا تھا کہ کمپنی کی کل قدر بیس کھرب ڈالر ہوگی۔اسٹاک مارکیٹ میں سعودی آرامکو کی قدر 20 کھرب ڈالر سے کم مقرر کی گئی تھی لیکن اس نے یہ عندیہ دیا تھا کہ اوپن مارکیٹ میں اس میں اضافہ کیا جائے گا۔ایک سینئر بنک کار کے بہ قول اگر سعودی آرامکو اپنے 15 فیصد حصص کی فروخت کا انتخاب کرتی تو وہ آئی پی او سے 29 ارب 40 کروڑ ڈالر اکٹھے کرسکتی تھی۔

نیشنل کمرشل بنک کے شعبہ سرمایہ کاری بنک کاری کے سربراہ وسیم الخطیب کی رائے میں اگر گرین شو آپشن کا نفاذ کیا جاتا ہے تو سعودی آرامکو کے مزید حصص فروخت کیے جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ سعودی آرامکو دنیا کی سب سے منافع بخش کمپنی ہے۔اس کی خام تیل نکالنے کی لاگت بہت کم ہے اور ایک بیرل تیل نکالنے میں صرف تین ڈالر صرف ہوتے ہیں جبکہ یہ دنیا میں تیل کے سب سے زیادہ ذخائر کی بھی حامل ہے۔

اس کی قریب ترین حریف ایگزن موبائل ہے مگر آرامکو کے تیل کے ذخائر اس سے چارگنا زیادہ ہیں۔کمپنی 2020ء میں 75 ارب ڈالر حصص داران میں تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی آرامکو نے 2019ء کے پہلے نو ماہ میں 68 ارب ڈالر منافع حاصل کرنے کی اطلاع دی تھی۔اس طرح یہ دنیا میں سب سے منافع بخش کمپنی ہے۔