پیٹرول سے بھری پک اپ اور بس میں خوفناک تصادم

آگ کی زد میں آکر بچے اور خواتین سمیت 15افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی جمعہ 13 دسمبر 2019 11:39

پیٹرول سے بھری پک اپ اور بس میں خوفناک تصادم
کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ، 13 دسمبر2019ء ) کوئٹہ کے علاقے مسلم باغ میں کان مہترزئی ٹاپ پر پک اپ اور بس میں خطرناک تصادم سے 15مسافر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق پک اپ پیٹرول سے بھری ہوئی تھی ۔ بس کے ساتھ ٹکرانے سے ڈائیو بس اور پک اپ دونوں میں آگ لگ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں گاڑیاں کھائی میں جا گریں۔ جاں بحق 15افراد کی شناخت نہ ہوسکی۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ نے بتایا ہے کہ مسلم باغ کے قریب حادثہ ایرانی پیٹرول سے بھری پک اپ ٹکرانے سے پیش آیا۔ جو کوئٹہ سے قلعہ سیف اللہ جارہی تھی۔ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ نے کہا ہے کہ حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ مسلم باغ میں ہونے والے خطر ناک حادثے میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ دونوں بس اور پک اپ آگ کی زد میں آکر خاکستر ہوگئیں۔

(جاری ہے)

لیوز ذرائع نے بتایا ہے کہ حادثے میں صرف ایک مسافر محفوظ رہا جبکہ دیگر 15افراد جاں بحق ہوگئے تاہم ان کی شنا خت نہیں ہو سکی۔ یاد رہے کہ احمد پور شرقیہ میں بھی آئل ٹینکر حادثے کا شکار ہوا تھا۔ جس میں 218 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثے میں زخمی ہونے والے کئی افراد بھی جان کی بازی ہا گئے تھے۔ جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 218 ہوگئی تھی ، اس کے علاوہ سانحے کے مزید 38 زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج  تھے  ۔

احمد پور شرقیہ میں حادثے کا شکار ہونے والے آئل کنٹینر سے تیل اکٹھا کرتے وقت آگ لگنے سے متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے ۔ زخمیوں میں سے کچھ کو طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا تھا اور شدید زخمیوں کو ہسپتالوں میں زیر علاج رکھا گیا تھا جن میں سے دو زخمی آج دم توڑ گئے تھے، تاہم اب پیٹرول سے بھری پک اپ کا بس کے ساتھ تصادم ہوا ہے جس سے 15 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔