صحت مند معاشرہ کے قیام کیلئے علماء کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان کو پولیو فری بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

جمعہ 13 دسمبر 2019 12:45

صحت مند معاشرہ کے قیام کیلئے علماء کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بیدالله شاہ نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرہ کے قیام کیلئے علماء کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے، علماء بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے حوالہ سے آگاہی دیتے ہوئے معاشرہ کو پولیو سے پاک کرنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون عمل میں لائیں، پاکستان کو پولیو فری بنانے کا خواب ضرورشرمندہ تعبیر ہو گا، 16 دسمبرسے شروع ہونے والی پولیو مہم کو ہم سب ملکر کامیاب بنائیں گے تاکہ کوئی بھی بچہ اس سے محروم نہ رہے۔

وہ جمعہ کو دینی درسگاہ مدرسہ تعلیم الاسلام ملکیار روڈ میں متحدہ علماء کونسل کے مرکزی صدر قاضی غلام مجتبیٰ کی زیرصدارت منعقدہ علماء کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹرسیف الله خالد، ڈاکٹر فضل محمود، مولانا قاضی الفت حسین، مولانا عطاء الحق، مولانا اکرم خان، قاضی مطیع الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قاضی الفت حسین نے کہا کہ معاشرہ کی اصلاح کیلئے متحدہ علماء کونسل نے ہمیشہ انتظامیہ سے تعاون کیا اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں بلاخوف خطر اپنا فرض ادا کیا ہے۔ ڈی ایچ او ڈاکٹرسیف الله خالد نے کہا کہ پولیو ویکسین صحت مند معاشرہ کے قیام میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے، ویکسین مفت نہیں بلکہ حکومت عالمی مارکیٹس سے خریدتی ہے۔