اسلام آباد ہائی کورٹ کی تاریخ کی پہلی خاتون جج لبنیٰ سلیم پرویز نے حلف اٹھا لیا

لبنیٰ سلیم پرویز کے ہمراہ دو مزید ججز فیاض احمد جندران اور غلام اعظم قمبرانی نے بھی بطور ہائی کورٹ کے جج حلف لیا

جمعہ 13 دسمبر 2019 13:08

اسلام آباد ہائی کورٹ کی تاریخ کی پہلی خاتون جج لبنیٰ سلیم پرویز نے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کی تاریخ کی پہلی خاتون جج لبنیٰ سلیم پرویز نے حلف اٹھا لیا ،لبنیٰ سلیم پرویز کے ہمراہ دو مزید ججز فیاض احمد جندران اور غلام اعظم قمبرانی نے بھی بطور ہائی کورٹ کے جج حلف لیا ۔جمعہ کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے تینوں نئے ججز سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

تینوں ججز کو ایک سال کی مدت کے لیے بطور ایڈیشنل جج تعینات کیا گیا ہے۔حلف براداری کی تقریب میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں جسٹس عامرفاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سمیت وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہائی کورٹ بار کے بائیکاٹ کے باوجود حلف برداری کی تقریب میں وکلا بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔یاد رہے کہ جسٹس طاہرہ صفدر کو پاکستان ہائی کورٹ کی تاریخ کی پہلی خاتون جج بننے کا اعزاز حاصل ہے۔