گزشتہ سال پاکستان ٹیلی ویژن کو 350 ملین روپے کا منافع ہوا، وزیر مملکت پارلیمانی امور

جمعہ 13 دسمبر 2019 13:15

گزشتہ سال پاکستان ٹیلی ویژن کو 350 ملین روپے کا منافع ہوا، وزیر مملکت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان ٹیلی ویژن کو 350 ملین روپے کا منافع ہوا ہے‘ خوشی کی بات ہے کہ ماضی میں خسارے میں چلنے والے ادارے منافع کما رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مریم اورنگزیب کے سوال کے جواب میں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے ایوان کو بتایا کہ ماضی میں پی ٹی وی نقصان میں چلنے والا ادارہ تھا تاہم رواں سال اس ادارے کو 350 ملین روپے بچت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی وی کو 11.26 ارب روپے دیئے تھے جن میں سے 11.21 ارب روپے خرچ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2015-16ء میں پی ٹی وی کو 129 ملین‘ 2017-18ء میں 650 ملین روپے خسارہ ہوا تھا۔ رواں سال پی ٹی وی کو 350 ملین روپے کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ مالی سال 2018-19ء میں پی ٹی وی کی کل آمدن 11561.28 ملین روپے تھی۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو اس عرصے میں 5548.88 ملین روپے کی کل آمدنی ہوئی جبکہ اخراجات 5703.78 ملین روپے رہے۔