مشیر تجارت کی افتخار علی ملک کو سارک چیمبر کا صدر نامزد ہونے پر مبارکباد

پاکستان جنوبی ایشیا کی معاشی ترقی اور علاقائی انضمام کے خواب کے تعبیر کے لئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے، مشیر تجارت عبد الرزاق دائود

جمعہ 13 دسمبر 2019 14:31

مشیر تجارت کی افتخار علی ملک کو سارک چیمبر کا صدر نامزد ہونے پر مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا کی معاشی ترقی اور علاقائی انضمام کے خواب کے تعبیر کے لئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک کو آئندہ دو سالہ مدت کے لئے سارک چیمبر کا صدر نامزد ہونے پر اپنے مبارکباد کے پیغام میں مشیر تجارت نے کہا کہ یہ نامزدگی خطہ میں تجارت کے فروغ کیلئے افتخار علی ملک کی 29 سالہ شاندار خدمات کا اعتراف اور پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک کے پلیٹ فارم سے علاقائی تجارت کے فروغ اور ترقی پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہی خطے میں قیام امن کے لئے آگے بڑھنے کا قابل عمل راستہ ہے اور پاکستان اس ضمن میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

یہ خطہ انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جن سے بھر پور استفادہ کی ضرورت ہے۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ سارک سوشل چارٹر اس ضمن میں آگے بڑھنے کا حقیقی راستہ ہے، پاکستان اس ضمن میں تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں تنظیم کے زیادہ سے زیادہ کردار کی ضرورت ہے۔

سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے عبد الرزاق دائود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے، خوشحال جنوبی ایشیا کی تعمیر میں پاکستان کا کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی اخراجات کو کم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ سارک ممالک کے مابین تجارت کو زیادہ سے زیادہ حد تک فروغ دیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی طاقت بننے کے لئے تمام وسائل سے مالامال ہے اور ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ بھر پور عزم، ہمت اور خلوص کے ساتھ اہداف طے اور سمت کا تعین کیا جائے۔ پاکستان کے بڑے معدنی وسائل ملک کو معاشی مسائل سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے افتخار ملک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران جنوبی ایشیا میں تجارت اور صنعت کے فروغ کے لئے اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کا استعمال کر رہے ہیں اور وہ بہت پر امید ہیں کہ یہ کوششیں بارآور ثابت ہونگی۔