Live Updates

قرآن پاک کی بے حرمتی اور جلانے کی ناپاک جسارت کے سد باب کیلئے پاکستان کی تجویزسے اتفاق

او آئی سی کے جنرل کونسل کے آئندہ اجلاس میں تفصیلی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا

جمعہ 13 دسمبر 2019 15:50

قرآن پاک کی بے حرمتی اور جلانے کی ناپاک جسارت کے سد باب کیلئے پاکستان ..
عمان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی)کے رکن ممالک کے وزرائے مذہبی امور کی جنرل کونسل نے قرآن پاک کی توہین اور جلانے کی ناپاک جسارت کے سد باب کے لئے پاکستان کی اس تجویزسے اتفاق کیا ہے کہ جنرل کونسل کے سعودی عرب میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

جمعہ کو او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے مذہبی امور کی جنرل کونسل کا اجلاس اردن کے دارالحکومت عمان میں منعقد ہوا جس میں سعودی عرب، کویت، مصر، مراکش، انڈونیشیا، گیمبیا، اردن ،فلسطین اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے وزرائے مذہبی اموراور نمائندوں نے شرکت کی ۔ پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیرمذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قرآن پاک کی توہین اور جلانے کے واقع کی ناپاک جسارت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور تمام رکن ممالک کو اس حوالے سے مل کر کردار ادا کرنے اور مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی تجویز دی۔

(جاری ہے)

او آئی سی کے رکن ممالک کے تمام وزرائے مذہبی امور نے پیر نورالحق قادری کی تجویز پر اتفاق اور بھر پور خیر مقدم کیا اور فیصلہ کیا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے مذہبی امور کی جنرل کونسل کے آئندہ سعودی عرب میں ہونے والے اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی بحث کے بعد لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے اس موقع پر اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اسلامی معاشرہ کی تشکیل اور اخلاقی تربیت کے لئے مسجد و منبر کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے جنرل کونسل کو یقین دلایا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت اس حوالے سے عالمی کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات