ہسپتال جنگ کے دوران بھی جائے پناہ تصور کئے جاتے ہیں جبکہ گزشتہ روز کا واقع سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 13 دسمبر 2019 18:44

ہسپتال جنگ کے دوران بھی جائے پناہ تصور کئے جاتے ہیں جبکہ گزشتہ روز کا ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 دسمبر2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) پی آئی سی لاہور میں ہونیوالی دہشتگردی کی بھر پور مذمت کرتے ہیں یہ واقع تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا کیونکہ ہسپتال جنگ کے دوران بھی جائے پناہ کے طور پر تصور کیے جاتے ہیں ان خیالات کا اظہار پی ایم اے جہلم کے صدر ڈاکٹر حفیظ الر حمن ، نائب صدر پی ایم اے پنجاب ڈاکٹر سید شبیر اختر شاہ ، نائب صدر جہلم ڈاکٹر ظفر مغل ، جنر سیکر ٹری ڈاکٹر ارشاد علی ، ڈاکٹر امجد حسین ، ڈاکٹر نعیم غفار ، ڈاکٹر آمنہ پرویز ، ڈاکٹر ہارون وائیں ،ڈاکٹر منیر اعظم ، ڈاکٹر عدنان نجیب ،ڈاکٹر عباس علی ، ڈاکٹر زبیر یونس ، ڈاکٹر اویس خٹک ، ڈاکٹر رداب عرفان ، ڈاکٹر افتخار علی ، ڈاکٹرنصیر احمد ، ڈاکٹر طارق محمود ، ڈاکٹر ذیشان ،ڈاکٹر عتیق الر حمن ، ڈاکٹر عامر ، ڈاکٹر حرا اور دیگر ڈاکٹرز نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح قانون کے رکھوالوں نے قانون کی دھجیاں بکھیریں وہ قابل مذمت اور قابل افسوس عمل ہے اور یہ حکومت پنجاب کی کار کردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے جو کہ حالات کا صحیح تجزیہ نہ کر سکے اور نہ ہسپتال کی سیکیورٹی کا انتظام کر سکے ۔ ہم حکومت پنجاب سے فوری طور پر سیکیورٹی بل منظور کرنیکا بھر پور مطالبہ کرتے ہیں تا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے ڈسٹرکٹ کورٹس میں قائم ڈسپنسری میں ہمارے ڈاکٹرز خدمات سر انجام دے رہے ہیں موجودہ حالات میں ان کے لیے کام جاری رکھنا نا ممکن ہے ہم سی ای او ہیلتھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ڈاکٹرز کی ڈیوٹیاں وہاں سے ختم کی جائیں علاوہ ازیں ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی سیکیور ٹی کو بہتر بنانے کیلئے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں ہم وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت پنجاب کے ذمہ داران اور پنجاب پولیس افسران کے خلاف انکوائری کی جائے ۔

اگر 48گھنٹوں میں ہمارے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ہمارے لیے کام کرنا مشکل ہو جائے گا پی ایم اے جہلم ، پی ایم اے پنجاب کی ہدایت کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرے گی اور اس سلسلے میں پی ایم اے جہلم کے تمام ممبران میں مکمل اتحاد و اتفاق ہے آخر میں ڈاکٹر حفیظ الر حمن نے کہا کہ پی ایم اے جہلم تمام صحافی برادری کی مشکور ہے کہ وہ ہمیشہ ہماری آواز کو حکام بالا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔