Live Updates

حکومت کشمیریوں کو اُن کا حق خود ارادیت دلوانے کے لئے پرُعزم ہے، علی امین گنڈا پور

جمعہ 13 دسمبر 2019 20:15

حکومت کشمیریوں کو اُن کا حق خود ارادیت دلوانے کے لئے پرُعزم ہے، علی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ حکومت کشمیریوں کو اُن کا حق خود ارادیت دلوانے کے لئے پرُعزم ہے اور حکومت دُنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بھرپور انداز سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ جمعہ کو یہاں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر بھارتی حکومت کی انسانی حقوق کی شدید پامالی کی وجہ سے بدترین مثال بن چکا ہے اور گذشتہ70 سالوںمیں وادی میں لاکھوں کشمیریوں کوشہید کردیا گیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی مظالم کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں ہزاروں کی تعداد میں بچے یتیم اور خواتین بیوہ ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ قابل مذمت واقعات میں تمام عمر کی خواتین کو بھارتی قابض فوج نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے جو انتہائی شرمناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ وادی میں دوہزار سے زائد اجتماعی قبریں موجود ہیں جو وادی میں بھارتی افواج کی بدترین ریاستی دہشت گردی کی عکاسی کرتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 اگست کے قابل مذمت اقدامات کے بعد سے 130 د ن سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور کشمیری بدستور کرفیو میں ایک انتہائی مشکل زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں موجودہ حکومت نے شروع دن سے ہی مسئلہ کشمیر پر واضح موقف اپنایا اور بھار ت پر یہ بات واضح کی کہ تعلقات کی بحالی مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ۔

علی امین خان گنڈا پور نے کہاکہ حکومت کشمیریوں کواُن کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے آخری حدتک جائے گی۔انہوں نے کشمیریوں کے حقوق کی آوازبلندکرنے اور جدوجہد کو ہر پاکستانی کا قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم اس قومی فریضہ میں سرخر وہوں گے اور کشمیریوں کے لیے حق خود ارادیت لے کر رہیں گے۔ انہوں نے انسانی حقوق کے اُن ا داروں کا بھی شکریہ ادا کیا جو کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کررہے ہیں اور انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے بھارت کا بد نما چہرہ دُنیاکے سامنے بے نقاب کررہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات