پورے صوبے کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں،محمود خان

جمعہ 13 دسمبر 2019 21:48

پورے صوبے کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں،محمود خان
پشاور۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وہ پورے صوبے کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں ، دیر کی پسماندگی کو دیکھتے ہوئے ماضی کے مقابلے میں رواں ترقیاتی پروگرام میں زیادہ سکیمیں رکھی گئی ہیں ، دیر میں صحت اور تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کام شروع ہے ۔ وقت کے ساتھ تمام مسائل حل کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں پی کے۔17 دیر میدان کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت دیر سمیت تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

صرف سوات ہی نہیں بلکہ پورا صوبہ اُن کی ترجیح ہے ۔

محمود خان نے واضح کیا کہ دیر کا کوئی بھی منصوبہ ختم نہیں کیا گیا بلکہ ماضی کے مقابلے میں رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں دیر کیلئے زیادہ ترقیاتی سکیمیں رکھی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے دیر کیلئے کچھ نہیں کیا جبکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی سمیت سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کررکھے ہیں ۔

ہم الزامات کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عوام کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔الزامات کی سیاست زیادہ دیر نہیں چلتی، جلد دم توڑ دیتی ہے۔پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوامی خدمت اورکارکنان کے اخلاص و محنت سے صوبے میں دوبارہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی ۔ ہماری تمام تر ترجیحات کا مرکز و محور عام آدمی ہے جس کی خوشحالی کیلئے دستیاب وسائل احسن طریقے سے بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام سے کئے گئے تمام وعدوں اور اعلانات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ دیر میں سیاحت کے فروغ پر بھی کام کر رہے ہیں جس سے مقامی سطح پر روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت کو استحکام ملے گا۔